12

نورپورتھل (راجہ نورالہی عاطف سے) عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر پنجاب رورل

نورپورتھل (راجہ نورالہی عاطف سے)
عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی تحصیل نورپورتھل کے زیرِ اہتمام ایک آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ، صفائی اور شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب میں بی سی سی آفیسر ملک عبدالواحد سگو، ریسرچ آفیسر محمد عاطف، اسسٹنٹ مینیجر حامد سعید، اسسٹنٹ مینیجر ایم احسن سمیت ادارے کے دیگر افسران اور ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بی سی سی آفیسر ملک عبدالواحد سگو اور دیگر مقررین نے عالمی یومِ ماحولیات کی اہمیت اور ماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دے کر ہی آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مستقبل یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
مقررین نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے، پلاسٹک کے غیر ضروری استعمال سے گریز کرنے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی شعور اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
بعد ازاں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے مختلف شعاری تحریریں درج تھیں۔ واک کے شرکاء نے ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اپنے دائرۂ کار میں ماحول کے تحفظ، صفائی ستھرائی کے فروغ اور عوامی آگاہی کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ ایک صاف، سرسبز اور صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں