13

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)ضلع سرگودھا میں این جی اوز/ سی ایس اوز کے اشتراک سے سرگودھا

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)ضلع سرگودھا میں این جی اوز/ سی ایس اوز کے اشتراک سے سرگودھا آرٹس کونسل میں پنجاب فیملی پلاننگ کے موضوع پر ایک اہم آگاہی و مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا، جس کا عنوان “بہتر قدم نئی سوچ کے ساتھ” رکھا گیا۔ اجلاس کا مقصد خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی بہتر صحت، اور معاشرتی آگاہی کے فروغ کے لیے مختلف اداروں اور سماجی تنظیموں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
تقریب میں معزز مہمانوں نے شرکت کی اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر چیف گیسٹ ڈاکٹر ارم اقبال ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ضلع خوشاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لیے صحت مند اور باشعور خاندان بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اور فیملی پلاننگ ایک بہتر اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔
اس موقع پر چوہدری عاشر گل ڈویژنل کوآرڈینیٹر پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام سرگودھا ڈویژن نے خاندانی منصوبہ بندی کے پروگرامز، حکومتی اقدامات اور عوامی سطح پر آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ “بہتر قدم نئی سوچ کے ساتھ” جیسے اقدامات معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب میں شازیہ اسسٹنٹ پروفیسر گورنمنٹ گریجویٹ کالج فاروق کالونی سرگودھا اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا ڈاکٹر طاہر نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ سی ایس او اور این جی او کے باہمی تعاون سے عوام تک درست معلومات کی فراہمی اور صحت مند خاندانی نظام کے قیام کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ خاندانی منصوبہ بندی کے پیغام کو عام کرنے اور معاشرتی بہتری کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں