ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے عمران خان کی رہائی ضروری ہے۔تابش توفیق
پاکستان مہنگائی، دہشت گردی اور معاشی تباہی کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔رہنما پاکستان تحریک انصاف
کینیڈا(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما تابش توفیق نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام آدمی کے لیے زندگی دن بدن مشکل ہوتی جا رہی ہے اور ملک اس وقت بدترین مہنگائی، دہشت گردی، بدامنی اور معاشی بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف نے ماضی میں جن خدشات اور مسائل کی نشاندہی کی تھی، آج وہ ایک ایک کر کے سچ ثابت ہو رہے ہیں۔کینیڈا میں پاکستانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے تابش توفیق نے کہا کہ کو بے گناہ قید کیے ہوئے ایک ہزار سے زائد دن گزر چکے ہیں، لیکن ان دنوں میں قوم کے لیے کوئی ایک دن بھی ایسا ثابت نہیں ہوا جو خوشحالی یا استحکام کی علامت ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط معاشی اور سیاسی پالیسیوں کے باعث ملک کا کاروباری نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، آدھے سے زیادہ کاروبار بند ہو چکے ہیں جبکہ باقی بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔تابش توفیق کا کہنا تھا کہ تمام تر سیاسی انتقام، جھوٹے مقدمات اور منفی پروپیگنڈے کے باوجود کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام آج بھی انہیں امید، خودداری اور حقیقی آزادی کی علامت سمجھتے ہیں جبکہ انہیں سیاست سے مائنس کرنے والے آج عوامی حمایت سے محروم ہو چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی رہائی پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے کیونکہ وہی ایک ایسے لیڈر ہیں جو ملک کو موجودہ بحرانوں، معاشی بدحالی، دہشت گردی اور سیاسی انتشار سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق آج قوم کا بچہ بچہ عمران خان کی راہ دیکھ رہا ہے اور انہیں ملک کے روشن مستقبل کی امید سمجھتا ہے۔تابش توفیق کا مزید کہنا تھا۔ کہ عمران خان کی رہائی کے لیے شروع کی جانے والی تحریک اب صرف پاکستان تک محدود نہیں رہے گی بلکہ دنیا بھر میں اسے مزید مؤثر انداز میں چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر ہونے والے مظالم، سیاسی انتقام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کو آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ قوم اب باشعور ہو چکی ہے اور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے دیانتدار قیادت، قانون کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت ناگزیر ہے۔