کورٹ میرج کرنے والے جوڑے کو جان کا خطرہ، سکھر پریس کلب میں احتجاج
سکھر (بیورورپورٹ)ضلع شہید بینظیر آباد کے علاقے گاؤں بنگال خان زرداری سے تعلق رکھنے والا ایک شادی شدہ جوڑا جان کے تحفظ کے لیے سکھر پریس کلب پہنچ گیا۔ انہوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ لڑکی کے اہل خانہ اور مقامی پولیس بااثر افراد کے دباؤ پر انہیں مسلسل ہراساں کر رہے ہیں۔صابر حسین ولد زاکر حسین زرداری نے اپنی اہلیہ صائمہ ولی محمد مگسی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 5 مئی 2026 کو نواب شاہ سیشن کورٹ میں قانونی طور پر کورٹ میرج کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شادی باہمی رضامندی اور خوشی سے انجام پائی، تاہم شادی کے بعد سے لڑکی کے اہل خانہ ان کے درپے آزار ہیں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔صائمہ مگسی نے میڈیا سے واضح کیا کہ انہوں نے اپنی مرضی اور رضامندی سے صابر حسین زرداری کے ساتھ عدالت میں نکاح کیا۔ ان کا کہنا تھا، “مجھے کسی نے اغواء نہیں کیا، نہ ہی مجھ پر کوئی دباؤ ڈالا گیا۔ میں اپنے شوہر کے ساتھ خوش ہوں، مگر میرے والدین اور رشتہ دار اس شادی کو تسلیم کرنے کے بجائے ہمیں اور میرے شوہر کے خاندان کو مسلسل ہراساں کر رہے ہیں۔”انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے والد ولی محمد مگسی، نور محمد مگسی، رضا محمد مگسی، محمد پناہ اور دیگر قریبی رشتہ داروں نے شادی کے بعد ان کے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کے خلاف اغواء کا جھوٹا مقدمہ درج کروایا اور پولیس کے ذریعے مسلسل ہراسانی کی جا رہی ہے۔ صابر حسین زردادی نے کہا کہ انہوں نے مکمل قانونی طریقہ کار اپنایا، باوجود اس کے ان کے خاندان کو انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے بااثر افراد کے دباؤ پر پولیس کی جانب سے ہراسانی کا بھی الزام لگایا۔جوڑے نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں “غیرت” کے نام پر قتل کیے جانے کا خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد اور ایس ایس پی نواب شاہ سے اپیل کی کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو فوری قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کا مؤقف سرکاری ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا، “اگر ہمیں، میرے شوہر یا سسرالی رشتہ داروں کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار لڑکی کے اہل خانہ ہوں گے۔”احتجاج کے اختتام پر جوڑے نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور تحفظ و انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ خوف و ہراس کے بغیر اپنی زندگی گزار سکیں۔









