وزیر ترقی نسواں سندھ کا سکھر میں “کارو کاری” کے واقعے پر سخت نوٹس؛ فوری قانونی کارروائی کی ہدایت
کراچی/سکھر (. )صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سندھ نے گوٹھ شاہ بخش بھرو میں “کارو کاری” کے نام پر خاتون مسمات گلان بھرو کے قتل کے لرزہ خیز واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔دو بچوں کی ماں کے بے رحمانہ قتل پر گہرے دکھ اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے اس واقعے کو انسانی حقوق اور صوبائی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری ہدایات جاری کیں کہ انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہ کی جائے۔
وزیر موصوفہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، ڈپٹی ڈائریکٹر اور متعلقہ فیلڈ افسران نے فوری طور پر تھانہ جھنگڑو (روہڑی) کی پولیس سے رابطہ کیا ہے۔ محکمے کی اعلیٰ سطح مداخلت پر پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر (FIR) درج کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ “قانون سے بالا تر کوئی نہیں ہے، اور ‘غیرت’ کے نام پر ایسے وحشیانہ جرائم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔” انہوں نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ جب تک نامزد دو ملزمان گرفتار نہیں ہو جاتے، اس کیس کی مکمل قانونی پیروی اور مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔محکمہ ترقی نسواں صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ متاثرہ خاندان کو صوبائی پروٹوکول کے مطابق تمام ضروری قانونی امداد فراہم کی جائے۔