*سندھ میں گندم ذخائر کی سخت نگرانی، بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد تیز۔*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزماں کی ہدایت پر صوبے بھر میں سرکاری گندم گوداموں کی کڑی نگرانی کے لیے انسپیکشن کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ اینٹی کرپشن حکام کے ساتھ مشترکہ کارروائیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، ان اقدامات کا بنیادی مقصد گندم کے سرکاری ذخائر میں شفافیت کو یقینی بنانا، خرد برد کی روک تھام اور عوامی وسائل کے تحفظ کو ہر صورت ممکن بنانا ہے، وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزماں نے واضح کیا ہے کہ محکمہ خوراک میں کسی بھی سطح پر کرپشن یا بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور گندم چوری یا بے ضابطگیوں میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز اور سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، وزیر خوراک سندھ نے کہا کہ جن گوداموں سے مبینہ گندم چوری یا خرد برد کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں وہاں ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ آئندہ کوئی بھی قومی وسائل کو نقصان پہنچانے کی جرات نہ کر سکے، مخدوم محبوب الزمان نے مزید کہا کہ حکومت سندھ عوام کو سستی اور وافر مقدار میں گندم و آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں ذخیرہ اندوزی، بدانتظامی اور کرپشن کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات کے مطابق گڈ گورننس، شفافیت اور احتساب کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت متحرک ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا بدعنوانی کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے، مزید برآں مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی اور قومی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پارٹی قیادت کی واضح ہدایات ہیں کہ عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی عمل کو ہرگز برداشت نہ کیا جائے، اسی تسلسل میں مشترکہ ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہ کر نگرانی کر رہی ہیں جبکہ آئندہ دنوں میں مزید مؤثر اور سخت اقدامات متوقع ہیں ۔