*انتظامی بدحالی کا شاہکار،جنرل بس سٹینڈمیلسی،کروڑوں کی عمارت کھنڈر بن گئی۔تجاوزات کی بھرمار*
میلسی (محمدمختارسولگی)میلسی کا جنرل بس سٹینڈ انتظامی بدحالی کے باعث عرصہ دراز سے غیر فعال پڑا ہے۔ کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری عمارت اور انفراسٹرکچر دیکھ بھال نہ ہونے سے تباہ ہو رہا ہے جبکہ غیر متعلقہ افراد نے لاری اڈا کے احاطے میں تجاوزات قائم کر لیں۔اطلاعت کے مطابق میلسی شہر کا واحد سرکاری جنرل بس سٹینڈ گزشتہ کئی سال سے ویران پڑا ہے۔ مسافر خانے، پلیٹ فارم، ٹکٹ گھر اور دیگر سہولیات ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ عمارت کی چھتیں ٹپک رہی ہیں، دیواریں گر رہی ہیں اور فرش اکھڑ چکا ہے۔ سرکاری خزانے سے تعمیر کردہ یہ کروڑوں روپے کی پراپرٹی متعلقہ حکام کی عدم توجہی سے ضائع ہو رہی ہے
جنرل بس سٹینڈ بند ہونے کے باعث شہر بھر میں غیر قانونی پرائیویٹ بس اڈوں کی بھرمار ہو گئی ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے شہر کے مصروف چوکوں، بازاروں اور سڑکوں پر اپنے اڈے قائم کر رکھے ہیں جس سے نہ صرف ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے بلکہ مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پرائیویٹ اڈوں پر اوورلوڈنگ اور زائد کرایہ وصولی کی شکایات بھی عام ہیں
شہریوں کا کہنا ہے کہ لاری اڈے کے احاطے غیر متعلقہ افراد نے قبضہ جما لیا ہے۔ دیکھ بھال نہ ہونے سے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں اور اڈا جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے
سماجی و عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ میلسی جنرل بس سٹینڈ کی حالت زار کا فوری نوٹس لیا جائے۔ کروڑوں کی سرکاری عمارت کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مرمت کروا کر اڈے کو فعال کیاجائے
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ تمام بسوں کو پابند کیا جائے کہ وہ جنرل بس سٹینڈ سے ہی آپریٹ کریں تاکہ شہر سے غیر قانونی پرائیویٹ اڈوں کا خاتمہ ہو اور ٹریفک کے مسائل میں کمی آ سکے۔ جنرل بس سٹینڈ فعال ہونے سے میونسپل کمیٹی کو بھی آمدن ہوگی جو شہر کی ترقی پر خرچ ہوگی
واضح رہے کہ پنجاب کے دیگر شہروں میں جنرل بس سٹینڈ میونسپل اداروں کی آمدن کا بڑا ذریعہ ہیں۔