سکھر سے بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی سندھ ہائی کورٹ کراچی میں سوشل سکیورٹی گورننگ باڈی کے خلاف آئینی درخواست کی سماعت
سکھر سے بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
سندھ ہائی کورٹ کراچی میں سوشل سکیورٹی گورننگ باڈی کے خلاف آئینی درخواست کی سماعت
سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی ادارہ (SESSI) کی گورننگ باڈی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرنے کے سلسلے میں سندھ ہائی کورٹ کراچی میں دائر آئینی درخواست نمبر 1255/2026 کی سماعت معزز جسٹس عدنان کریم اور معزز جسٹس ذوالفقار علی سانگی پر مشتمل بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران مہران لیبر فیڈریشن پاکستان کے وکیل محمد نشاط وارثی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی ادارہ ایک ایسا فلاحی ادارہ ہے جو مزدوروں کی کنٹریبیوشن سے چلتا ہے، اور اس کا بنیادی مقصد مزدوروں کو علاج معالجہ اور ادویات کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مروجہ قوانین، بالخصوص انڈسٹریل ایکٹ 1934/1932 کے تحت گورننگ باڈی میں مزدوروں کی نمائندگی لازمی ہے، اور ممبران کا انتخاب حقیقی مزدور نمائندگان میں سے ہونا چاہیے۔
تاہم، وکیل کے مطابق 18ویں ترمیم کے بعد سندھ سوشل سکیورٹی کے نظام میں شفافیت متاثر ہوئی ہے اور سندھ کے لیبر وزیر سعید غنی صاحب گزشتہ تقریباً 6 سالوں سے اپنی من پسند افراد کو گورننگ باڈی میں شامل کر رہے ہیں، جس کے باعث مزدوروں کی حقیقی نمائندگی کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور مبینہ طور پر جعلی سلیکشن کے ذریعے گورننگ باڈی تشکیل دی جا رہی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ عمل نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ مزدوروں کے بنیادی حقوق اور ان کے حقِ نمائندگی پر بھی قدغن ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ: • گورننگ باڈی کے متنازع نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے
• مزدوروں کی حقیقی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے
• قانون کے مطابق شفاف طریقے سے گورننگ باڈی کی تشکیل کی جائے
دلائل سننے کے بعد معزز ہائی کورٹ نے
چیف سیکریٹری سندھ،
لیبر منسٹر سندھ،
لیبر سیکریٹری سندھ،
سیسی کمشنر کراچی
اور گورننگ باڈی کے ممبران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 5 مئی 2026 مقرر کر دی ہے۔