November 28, 2026

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس منعقد۔

IMG-20260409-WA0249

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس منعقد۔

اجلاس کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو فراہم کیے گئے ریلیف پر تفصیلی غور کیا گیا۔

پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کمشنر پشاور ڈویژن و چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ریاض خان محسود کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے حوالے سے ایک اہم ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچ اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز سمیت سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو فراہم کیے گئے ریلیف پر تفصیلی غور کیا گیا۔ حکومت کی ہدایت کے مطابق تمام اضلاع میں ایک ماہ کے لیے شیڈول ٹیکس اور اڈہ ٹیکس معاف کر دیا گیا ہے، جس کا براہ راست فائدہ مسافروں کو منتقل کرنے کے لیے ٹرانسپورٹرز کو پابند بنایا گیا ہے۔کمشنر پشاور ڈویژن نے تمام اضلاع میں کرایوں کی مؤثر نگرانی کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے ہر ضلع میں ٹرانسپورٹ اڈوں اور اہم شاہراہوں پر کرایہ چیکنگ کے لیے تین تین اسسٹنٹ کمشنرز کی تعیناتی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے زائد کرایہ وصولی کی روک تھام کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو خود فیلڈ میں موجود رہ کر کارروائیوں کی نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔
مزید برآں، ٹرانسپورٹرز کو سختی سے پابند کیا گیا ہے کہ وہ سرکاری کرایہ نامہ گاڑیوں کے اگلے حصے میں نمایاں طور پر آویزاں کریں تاکہ مسافروں کو مقررہ کرایوں سے آگاہی حاصل ہو سکے۔
یہ اجلاس کمشنر پشاور ڈویژن کے حالیہ دورہ پشاور کے مسافر اڈوں، جی ٹی روڈ اور موٹر وے کے تناظر میں منعقد کیا گیا، جس کا مقصد دیگر اضلاع میں بھی کرایوں میں کمی پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔کمشنر پشاور ڈویژن نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔