رنگپور بگھور (راجہ نورالہی عاطف سے) محکمۂ تعلیم حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر اسسٹنٹ ایجوکیشن
رنگپور بگھور (راجہ نورالہی عاطف سے) محکمۂ تعلیم حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر رنگپور بگھور ملک محمد امتیاز نسیم نے ہیڈماسٹر گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ظفر آباد ملک عابد اقبال کے ہمراہ بچوں کی داخلہ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک محمد امتیاز نسیم نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ہیڈماسٹر ملک عابد اقبال نے کہا کہ سکول میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ والدین بلا جھجھک اپنے بچوں کو سکول میں داخل کروائیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے انہیں لازمی سکول بھیجیں۔
داخلہ مہم کے آغاز کے موقع پر اساتذہ اور طلبہ کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ اساتذہ نے عزم کیا کہ وہ گھر گھر جا کر والدین کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کریں گے اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکول میں داخل کروائیں گے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس مہم کے نتیجے میں علاقے میں شرحِ خواندگی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔