خوشاب (بیورورپورٹ) گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ظفر آباد رنگپور بگھور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران اسسٹنٹ
خوشاب (بیورورپورٹ)
گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ظفر آباد رنگپور بگھور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک محمد امتیاز نسیم نے ای ایس ٹی راجہ نورالہی عاطف کو حسن کارکردگی سرٹیفیکیٹ عطا کیا۔ تقریب میں اساتذہ کرام اور طلباءنے بھرپورشرکت کی، جنہوں نے اس کامیابی کو نہ صرف سراہا بلکہ اسے علاقے کے لیے ایک اعزاز قرار دیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک محمد امتیاز نسیم اور ہیڈماسٹر ملک عابد اقبال نے کہا کہ راجہ نورالہی عاطف کی تعلیمی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ وہ نہ صرف ایک فرض شناس استاد ہیں بلکہ اپنی تدریسی مہارت، طلبہ کی کردار سازی اور جدید تعلیمی رجحانات کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی محنت اور لگن نے طلبہ میں علم کے شوق کو اجاگر کیا اور تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اساتذہ کسی بھی ادارے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ ان کی خدمات نہ صرف ادارے بلکہ پورے معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ راجہ نورالہی عاطف آئندہ بھی اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔
عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے بھی اس کامیابی پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ مختلف شخصیات کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز محض ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ اس پورے علاقے اور تعلیمی برادری کے لیے باعثِ فخر ہے۔
بلاشبہ، ایسے اعزازات اساتذہ کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتے ہیں اور انہیں مزید محنت اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی ترغیب دیتے ہیں۔ راجہ نورالہی عاطف کی یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خلوص، محنت اور لگن کبھی رائیگاں نہیں جاتی، بلکہ ایک دن ضرور رنگ لاتی ہے۔