ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحانہ حملے، اصفہان میں رہائشی عمارتوں پر بمباری سے 26 شہری شہید
ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحانہ حملے، اصفہان میں رہائشی عمارتوں پر بمباری سے 26 شہری شہید
صوبہ اصفہان میں ہونے والی بمباری کے دوران متعدد رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دیے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ ایرانی حکام
تہران(نمائندہ مجاہد افغان)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ایران کے مختلف شہروں پر امریکا اور اسرائیل کے بین الاقوامی غیر قانونی مشترکہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ کارروائی میں اصفہان میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 26 شہری شہید ہوگئے، جن میں سات بچے اور سات خواتین بھی شامل ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق صوبہ اصفہان میں ہونے والی بمباری کے دوران متعدد رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ اسی طرح قم شہر میں بھی چھ شہری امریکی اور اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن کر شہید ہوئے۔ایرانی ہلال احمر کے مطابق دارالحکومت تہران میں بھی کئی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔چار ہفتوں سے جاری اس جنگ میں مجموعی طور پر ایک ہزار نو سو سینتیس ایرانی شہری شہید ہوچکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی جا رہی ہے۔دوسری جانب ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائل داغے جبکہ خلیجی ممالک میں موجود امریکی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، کویت، بحرین اور قطر میں قائم امریکی اڈوں کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے بغیر اجازت گزرنے کی کوشش کرنے والے ایک بحری جہاز کو نشانہ بنایا گیا، اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ادھر سعودی وزارت دفاع کے مطابق دارالحکومت ریاض کی جانب چھ میزائل داغے گئے جن میں سے دو کو فضا میں تباہ کر دیا گیا جبکہ چار غیر آباد علاقوں میں گرے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔