میرپورخاص (شاھدمیمن) سول ڈیفنس کے ڈپٹی چیف وارڈن خلیل۔اللہ خان نے شہر میں کسی بھی ناگہانی
میرپورخاص (شاھدمیمن) سول ڈیفنس کے ڈپٹی چیف وارڈن خلیل۔اللہ خان نے شہر میں کسی بھی ناگہانی آفت، حملے یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حفاظتی ڈھانچے کی مکمل عدم موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوامی تحفظ کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دے دیا ہے۔وارڈن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق،میرپورخاص جیسے اہم شہر میں درج ذیل بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں- شہر میں ون سوئچ سائرن سسٹم’
نصب نہ ہونے کے باعث ہنگامی حالت میں شہریوں کو الرٹ کرنا ناممکن ہے-سی سی اینڈ آر سی (Combined Control & Report Centre) اور ہاٹ لائن ٹیلی فون کنکشن کی سہولت موجود نہیں ہے جس سے دفاعی حکمت عملی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔سول ڈیفنس کی عمارت کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے جہاں بجلی، پانی، گیس اور مواصلات جیسی بنیادی ضرورتیں بھی میسر نہیں ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ اور سابقہ کمشنر موجودہ ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس اور میئر کو بارہا تحریری و زبانی طور پر ان مسائل سے آگاہ کیا گیا-لیکن تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ ادارے کے پاس نہ تو جائے وقوعہ پر پہنچنے کے لیے کوئی سرکاری گاڑی ہے اور نہ ہی اہلکاروں کے لیے کسی اعزازیہ کا انتظام۔سول ڈیفنس وارڈن سروس ان نامساعد حالات میں عوام کو تربیت فراہم کرنے کے لیے صرف دو کمروں کی عارضی جگہ کے حصول میں بھی ناکام رہی ہے۔ اگر خدانخواستہ کسی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصان ہوتا ہے، تو اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ بالا حکام پر ہوگی۔ سول ڈیفنس وارڈن سروس نے نامساعد حالات کے باوجود اپنے آپ کو تیار کرنے اور عوام کو تربیت فراہم کرنے کی پوری کوشش کی لیکن متعلقہ اداروں کی عدم تعاون اور عدم دلچسپی کی بنا پر وہ بھی دل برداشتہ ہورہے ہیں جبکہ یہ ملک کی سلامتی اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کا مسئلہ ھے کسی بھی کوتاہی خدانخواستہ بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے ۔