سکھر(بیورو چیف سید۔ نصیر حسین زیدی) سکھر لوکل بورڈ کے علاقے میں محکمہ جنگلات کے دفتر کی زمین پر قبضے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ بینچ
سکھر(بیورو چیف سید۔ نصیر حسین زیدی) سکھر لوکل بورڈ کے علاقے میں محکمہ جنگلات کے دفتر کی زمین پر قبضے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر میں دائر درخواست کی سماعت ہوئی عدالت کے طلب کرنے پر میونسپل کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام پیش ہوئے۔ عدالت نے دو ہفتوں کے اندر قبضہ ختم کروا کر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا اطلاعات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر میں محکمہ جنگلات کے دفتر کی اراضی پر بااثر افراد کے قبضے کے خلاف ڈی ایف او ضیاء اللہ لغاری کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت میں محکمہ جنگلات کے کنزرویٹر افتخار آرائیں، میونسپل کمشنر سکھر میونسپل کارپوریشن پیر الٰہی بخش، درخواست گزار اور دیگر متعلقہ افراد پیش ہوئے سندھ ہائی کورٹ سکھر میں جسٹس امجد علی بوہیو اور جسٹس علی حیدر دری شانی پر مشتمل آئینی بینچ کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سکھر کے لوکل بورڈ علاقے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے قریب واقع محکمہ جنگلات کے دفتر کی 1125 اسکوائر فٹ زمین پر بااثر عبدالفتاح شیخ نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری زمین پر قبضہ ختم کروانے کے لیے محکمہ جنگلات نے ڈپٹی کمشنر سکھر، میونسپل کمشنر سکھر اور دیگر متعلقہ افسران کو تحریری طور پر آگاہ کیا، مگر ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن سکھر کے حکام نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ قبضہ ختم کرانے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے عدالت نے میونسپل کمشنر سکھر پیر الٰہی بخش سے استفسار کیا کہ مذکورہ سرکاری زمین کیسے لیز کی گئی۔ میونسپل کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ یہ لیز ان کی تعیناتی سے قبل 2012 میں دی گئی تھی۔ اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو شکایت نہیں کی گئی تھی، اور پھر بھی آپ نے کوئی نوٹس کیوں نہیں لیا عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ آپ کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے آپ کو جیل بھیج دیا جائے؟ کیا آپ کو معلوم نہیں کہ سرکاری زمین عوامی مفاد کے بغیر استعمال نہیں کی جا سکتی اس دوران میونسپل کمشنر نے قبضہ ختم کرانے کے لیے مہلت کی درخواست کی، جس کے بعد عدالت نے 15 دن کے اندر سرکاری زمین سے قبضہ ختم کروا کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا