November 17, 2026

سکھر بیراج کی تعمیراتی بے ضابطگیاں کسانوں پر بھاری، اپر سندھ کا زرعی بحران مزید گہرا

IMG-20260315-WA0031(1)

سکھر بیراج کی تعمیراتی بے ضابطگیاں کسانوں پر بھاری، اپر سندھ کا زرعی بحران مزید گہرا

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین شہدی)سکھر بیراج کی تعمیراتی کاموں میں بدعنوانی اور نااہلی کے باعث زرعی شعبے کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق بیراج کے دروازہ نمبر 47 کی مرمت کے دوران تعمیر کیا گیا عارضی بند (کافر ڈیم) ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں بالائی سندھ کے وسیع رقبے پر پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔گزشتہ دس روز سے ضلع سکھر سمیت اپر سندھ کے کئی علاقوں میں آبپاشی کے لیے پانی نہیں پہنچ رہا۔ اس صورتحال نے کھڑی فصلیں خاص طور پر کیلا، آم اور گنا کی فصل کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ نئی بوائی گئی گنا کی فصل اور مونگ کی دال سمیت مختلف سبزیاں پانی کی قلت کے باعث سوکھنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ کاشتکاروں کے مطابق روزانہ کروڑوں روپے کا معاشی نقصان ہو رہا ہے۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ بیراج امپروومنٹ پروجیکٹ (SBIP) کے تحت ہونے والے مرمتی کاموں میں مجاز عہدیداروں کی مبینہ بدعنوانی سامنے آئی ہے۔ پروجیکٹ کے انجینئر فرحت اللہ شیخ، پی ایم یو کنسلٹنٹ عبدالتاح میمن اور پروجیکٹ ڈائریکٹر عارفین بلوچ پر الزام ہے کہ انہوں نے ذاتی مفاد کے لیے کام کا معیار گرایا، جس کے باعث ایک سال قبل نصب کیے گئے دروازوں کے رولر بھی خراب ہوگئے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عارضی بند ٹوٹنے کی اصل وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہوسکی ہیں۔ جیو بیگز کے لیک ہونے اور تعمیراتی مواد کے معیار پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اگرچہ پراجیکٹ انتظامیہ نے مانیٹرنگ ایجنسی پی آئی سی سے اس معاملے کی وضاحت طلب کی ہے، لیکن اب تک کوئی تسلی بخش جواب موصول نہیں ہوا۔کاشتکار تنظیموں اور مقامی نمائندگان نے صوبائی حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ خود موقع کا جائزہ لیں اور آبپاشی کے نظام کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کریں۔ اطلاعات کے مطابق 18 مارچ تک پانی کی فراہمی بحال ہونے کے امکانات روشن نہیں ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیشگوئی نے کسانوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کردیا ہے.مقامی حلقوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی، وزیراعلیٰ سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے.کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو بالائی سندھ کی زراعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔