سیدنا حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت کے حوالے سے تقریب کا انعقاد۔
سیدنا حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت کے حوالے سے تقریب کا انعقاد۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ نے ہر میدان اور شعبہ زندگی میں بے مثال خدمات انجام دیں۔ پیر سید عنایت علی شاہ باچا
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سیدنا حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت کے حوالے سے تقریب کا انعقاد بعد نماز عصر تا افطاری و ختم قرآن بعد نماز عشاء اور اختتامی دعا سربراہ تحریک عشق مصطفی پیر طریقیت رہبر شریعت حضرت پیر سید عنایت علی شاہ باچا المعروف موتیوں والی سرکار نے کی۔ اس موقع پر تحریک عشق مصطفی انٹرنیشنل کے سربراہ پیر سید عنایت علی شاہ باچا المعروف موتیوں والا سرکار نے کہا کہ حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ (چوتھے خلیفہ راشد) کا یومِ شہادت 21 رمضان المبارک کو منایا جاتا ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کو 19 رمضان 40ھ کی صبح کوفہ کی مسجد میں خارجی عبدالرحمٰن ابن ملجم نے سجدے کی حالت میں زہر آلود تلوار سے وار کر کے شدید زخمی کیا، جس کے بعد حضرت علی رضی اللہ عنہ 21 رمضان کو شہید ہو گئے۔پیر سید عنایت علی شاہ باچا المعروف موتیوں والا سرکار نے یوم شہادت سیدنا حضرت علی رضی اللہ عنہ کے موقع پر کہا کہ حضرت علی ؓ نے اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کی ہر میدان اور ہر شعبۂ زندگی میں بے مثال اور عدیم النطیر خدمات انجام دیں۔ چنانچہ میدانِ جہاد ہو یا شعبۂ علم و فقہ و قضا ، آپ ؓ ہمیشہ ہر جگہ پیش پیش رہے۔ مدینہ منورہ تشریف لانے کے بعد ۲ھ ہجری میں رسول اللہ ﷺ نے اپنی لختِ جگر خاتونِ جنت سیدہ فاطمۃ الزہراءؓ کا نکاح حضرت علی ؓ سے فرما کر آپ کو اپنے دامادہونے کا شرف بخشا۔ اس نکاح کے تمام معاملات مہر، جہیز ، ولیمہ کی ساری داستان تاریخ کا عظیم اور قابلِ عمل سرمایہ ہے۔ ایک امتی کے لئے اس سے بڑا اعزاز کوئی ہو ہی نہیں سکتا کہ وقت کا نبی اسے اپنی دامادی کے اعزاز و شرف سے سرفراز کرے۔