پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی و سابق امیدوار میئر/تحصیل چیئرمین متھرا عظمت خان سے خصوصی گفتگو انٹرویو سید گوہر شاہ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی و سابق امیدوار میئر/تحصیل چیئرمین متھرا عظمت خان سے خصوصی گفتگو
انٹرویو سید گوہر شاہ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی عظمت خان داؤدزئی سیاست، صحافت، خدمت اور اعلیٰ اخلاق کے میدان میں ایک جانا پہچانا نام ہیں۔ عظمت خان کو ایک درد دل رکھنے والے انسان، غریبوں کے ہمدرد، شائستہ اخلاق کے حامل اور امن پسند شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں نے سیاست کے ساتھ ساتھ صحافت کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ایک کامیاب بزنس مین کے طور پر بھی اپنی شناخت قائم کی ہے۔
ایک روز ملاقات کے دوران گپ شپ کا سلسلہ شروع ہوا جو بالآخر ایک مکمل انٹرویو میں تبدیل ہوگیا۔ اس دوران ذہن میں یہ خیال آیا کہ کیوں نہ عظمت خان سے ان کی زندگی، سیاست اور صحافت کے سفر کے بارے میں تفصیل سے سوالات کیے جائیں تاکہ عوام کو بھی ان کی جدوجہد اور خدمات کے بارے میں آگاہی مل سکے۔
ایک سوال کے جواب میں عظمت خان نے اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ وہ پشاور کے مضافاتی علاقے بربر اوپازی بہادرخیل میں پیدا ہوئے، جو ان کا آبائی گاؤں ہے۔ انہوں نے ماس کمیونیکیشن میں تعلیم حاصل کی اور طالب علمی کے زمانے سے ہی ان کے دل میں عوامی خدمت کا جذبہ پیدا ہو گیا تھا۔ وہ ہمیشہ سوچتے تھے کہ کس طرح عام لوگوں کی خدمت کی جائے اور ان کے مسائل حل کیے جائیں۔
عظمت خان نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں ہی سیاست اور صحافت کے میدان میں قدم رکھا۔ صحافت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہوں نے 2005 میں طالب علمی کے زمانے میں صحافت کا آغاز کیا۔ شوق اور جذبے کی وجہ سے انہیں صحافت سیکھنے کا اشتیاق پیدا ہوا اور وہ اس میدان میں آگے بڑھتے چلے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ 2009 میں جب وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت اور خیبر پختونخوا میں اے این پی کی حکومت تھی تو اس وقت صوبہ دہشت گردی کی شدید لہر سے گزر رہا تھا۔ پشاور اور خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دیں۔ اس دوران ایم پی ایز، پولیس افسران، پاک فوج کے جوانوں اور عام شہریوں سمیت ہزاروں افراد دہشت گردی کا نشانہ بنے، لیکن افسوس اس بات کا تھا کہ ملک کے بڑے میڈیا ادارے خیبر پختونخوا کو وہ کوریج نہیں دے رہے تھے جس کا یہ صوبہ حق دار تھا۔
عظمت خان نے بتایا کہ اسی دوران وہ اپنے دوستوں سیکرٹری اطلاعات عظمت حنیف اورکزئی اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات فرید اللہ خان کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے اور اس صورتحال پر گفتگو ہو رہی تھی۔ اس دوران یہ بات سامنے آئی کہ خیبر پختونخوا میں کوئی بڑا میڈیا گروپ موجود نہیں جو صوبے کے مسائل اور قربانیوں کو قومی سطح پر اجاگر کرے۔
عظمت خان نے کہا کہ اس موقع پر انہوں نے اپنے دوستوں سے کہا کہ اگر پنجاب کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی ایک بڑا میڈیا گروپ قائم کیا جائے تو کیا خیال ہے؟ اس پر ان کے دوستوں نے کہا کہ اگر آپ میں اتنی ہمت اور حوصلہ ہے تو ضرور یہ قدم اٹھائیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دن انہوں نے ایک بڑے میڈیا گروپ کے قیام کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے اس وقت کے اپنے علاقے کے ایم پی اے اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کرامت اللہ خان چغرمٹی سے بھی مشورہ کیا۔ اس کے علاوہ پریس کلب کے صحافی دوستوں سے بھی اس بارے میں مشاورت کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت انہوں نے تین اخبارات، ایک ٹی وی چینل، ایک ایف ایم ریڈیو اور ایک اشتہارات ایجنسی کے قیام کی تیاری شروع کی۔ ان اخبارات میں ایک انگلش، دو اردو صبح کے اخبارات اور ایک اردو ایوننگ اخبار شامل تھا۔ انہوں نے جنگ اور دیگر بڑے میڈیا گروپس کی طرز پر اس منصوبے کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
عظمت خان نے بتایا کہ تینوں اخبارات کے ڈیکلریشن اور این او سی حاصل کر لیے گئے اور تمام قانونی کارروائیاں مکمل کر لی گئیں۔ جب اس میڈیا گروپ کے آغاز کی خبریں سامنے آئیں تو پشاور میں ایک ہلچل مچ گئی کہ یہاں سے ایک بڑا میڈیا گروپ شروع ہونے والا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب اخبارات اے بی سی مرحلے سے گزر کر سینٹرل میڈیا لسٹ تک پہنچ گئے تو اس وقت کے ایک ڈائریکٹر انفارمیشن، جو مناپلی میڈیا گروپس کے دباؤ میں تھے، انہوں نے ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر دیں اور انہیں آگے بڑھنے نہیں دیا۔
عظمت خان نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں ان کے علاقے کے ایم پی اے اور اس وقت کے اسپیکر صوبائی اسمبلی کرامت اللہ خان چغرمٹی نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کے حق میں کھڑے ہو گئے۔ ان کی حمایت کے بعد سینٹرل میڈیا لسٹ کے کاغذات مکمل کروائے گئے۔
بعد ازاں صوبائی میڈیا لسٹ پر بھی تنازعہ کھڑا ہوگیا، تاہم سیکرٹری اطلاعات عظمت حنیف اورکزئی اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات فرید اللہ خان نے ایک اجلاس بلایا جس میں عظمت خان کے اخبارات کو بھی شامل کیا گیا۔ اس اجلاس میں متعلقہ ڈائریکٹر کو شامل نہیں کیا گیا کیونکہ معاملہ انہی کے باعث پیدا ہوا تھا۔ اس اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات نے عظمت خان کے مؤقف کی حمایت کی اور ان کے اخبارات کو صوبائی میڈیا لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔
عظمت خان نے بتایا کہ 2009 سے 2016 تک انہیں ایک سینٹی میٹر کا بھی سرکاری اشتہار نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے انہیں کروڑوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا اور انہیں اپنے مشن میں کامیاب ہونے سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی جدوجہد جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ آج الحمدللہ ان کے تینوں اخبارات صوبے کے بڑے اخبارات میں شمار ہوتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں عظمت خان نے بتایا کہ ان کا مقصد صرف کاروبار نہیں بلکہ بے روزگار اور سینئر صحافیوں کو روزگار فراہم کرنا بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 40 سینئر صحافی اور عملہ ان کے اداروں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
انہوں نے اپنے ساتھیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چیف ایڈیٹر گل احمد مروت نے مشکل ترین وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیا اور آج بھی وہ ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ اسی طرح ایڈیٹر ہدایت اللہ گل، نیوز ایڈیٹر محمد حسین غازی اور انتہائی سینئر صحافی شمیم شاہد بھی ان کے میڈیا اداروں کا اہم حصہ ہیں۔ شمیم شاہد ان کے انگلش اخبار کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں جبکہ جنرل منیجر بھی ادارے کے انتظامی امور میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سیاسی سفر کے حوالے سے عظمت خان نے بتایا کہ انہوں نے دو مرتبہ صوبائی اسمبلی اور ایک مرتبہ میئر/تحصیل چیئرمین کا الیکشن بھی لڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وہ چند سیاستدانوں کو بہت پسند کرتے ہیں جن میں امیر مقام، آفتاب شیرپاؤ، ارباب جہانگیر خان خلیل مرحوم محمد انتخاب خان چمکنی اور سابق اسپیکر کرامت اللہ چغرمٹی شامل ہیں۔ انہی رہنماؤں کی سیاست سے متاثر ہو کر انہوں نے بھی عملی سیاست میں قدم رکھا۔
عظمت خان نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ الیکشن جیت کر اسمبلی تک پہنچیں اور عوام کی خدمت کا مزید موقع حاصل کریں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ان کی ایک اور خواہش یہ بھی ہے کہ “عظمت فاؤنڈیشن” کے نام سے ایک فلاحی این جی او قائم کی جائے جس کے ذریعے غریب اور بے سہارا لوگوں کی خدمت کی جائے اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں زیادہ کام کیا جائے۔ اس منصوبے کے ذریعے نہ صرف عوام کو سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ سینکڑوں بے روزگار افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
یہ انٹرویو عظمت خان کی جدوجہد، حوصلے اور عوامی خدمت کے جذبے کی ایک واضح جھلک پیش کرتا ہے، جو ان کی شخصیت کو ایک منفرد مقام عطا کرتا ہے۔ عظمت خان نے اپنے حلقے میں کروڑوں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کئیے جس میں بجلی گیس نادرہ آفس پیر بالا گریڈ اسٹیشن اور پانچ بجلی فیڈرز نمایاں ہے
عظمت خان ہم سب آپ کے لئیے دعاگوں ہیں