October 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سندھ ایجوکیشن نیوز سکھر کی جانب سے میڈم فوزیہ گل میمن کو حسنِ کارکردگی شیلڈ پیش سکھر میں

IMG-20260128-WA0103

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سندھ ایجوکیشن نیوز سکھر کی جانب سے میڈم فوزیہ گل میمن کو حسنِ کارکردگی شیلڈ پیش سکھر میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول بیراج کالونی کی پرنسپل میڈم فوزیہ گل میمن کو ان کی شاندار تعلیمی خدمات، غیر معمولی ایمانداری اور بے مثال انتظامی و تدریسی کارکردگی کے اعتراف میں سندھ ایجوکیشن نیوز سکھر کی جانب سے “حسنِ کارکردگی شیلڈ” پیش کی گئی۔ اس موقع پر تعلیمی حلقوں نے میڈم فوزیہ گل میمن کی خدمات کو علم، قیادت اور کردار کی روشن مثال قرار دیا۔تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جب کسی ادارے سے علم کی روشنی نکل کر معاشرے کی تقدیر سنوارنے لگے تو یہ قیادت کا عظیم کارنامہ ہوتا ہے۔ میڈم فوزیہ گل میمن ایک باوقار، باہمت اور علم دوست شخصیت ہیں جنہوں نے حکمت، دانائی، محنت، سچائی اور اخلاص کے ذریعے تعلیم کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا۔میڈم فوزیہ گل میمن کی قیادت میں اسکول نے متعدد نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جن میں اسٹیم مقابلوں میں مسلسل کامیابیوں کی ہیٹرک، سکھر بورڈ سے پوزیشنوں کا حصول، حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی سورمیوں کے کرداروں پر مبنی فکری و ثقافتی پروگراموں کا انعقاد، اور “ساری سندھ ایک جگہ” جیسے منفرد پروگراموں کے ذریعے سندھ کی تاریخ، تہذیب، اہم مقامات اور عظیم شخصیات کو اجاگر کرنا شامل ہے۔ علاوہ ازیں گریڈ 19 سے 20 میں ترقی ان کی قابلیت، وقار اور اصول پسندی کا واضح ثبوت ہے۔ان خدمات کے اعتراف میں سندھ ایجوکیشن نیوز سکھر کے منتظمین سید ندیم حسین شاہ بخاری اور مشتاق علی لنڈ نے میڈم فوزیہ گل میمن کو حسنِ کارکردگی شیلڈ پیش کی۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ یہ شیلڈ خدمت کی پہچان، عزت کی علامت اور آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے اور عزم کا روشن پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ “دوسروں کے حالات پر غور کرنے سے نصیحت حاصل ہوتی ہے” اور وہی شخصیات کامیابیاں سمیٹتی ہیں جو اپنے حصے سے بڑھ کر کام کرتی ہیں۔ میڈم فوزیہ گل میمن نے اپنی انتھک محنت سے اسکول کا نام قومی و بین الاقوامی سطح پر روشن کیا۔اسی موقع پر میڈم فوزیہ گل میمن کی جانب سے اسٹیم مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والی طالبات اور انہیں تیار کرنے والی اساتذہ کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا، جہاں طالبات میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ اساتذہ کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈم فوزیہ گل میمن نے اساتذہ اور طالبات کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کامیابی ٹیم ورک سے ہی ممکن ہوتی ہے اور مشترکہ جدوجہد کے باعث اسکول نے اسٹیم مقابلوں میں کامیابیوں کی ہیٹرک مکمل کی۔ آخر میں شرکاء نے میڈم فوزیہ گل میمن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید عزت، صحت اور کامیابیاں عطا فرمائے اور ان کی علمی روشنی سندھ کے کونے کونے تک پھیلتی رہے۔