عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح، فائر سیفٹی پر مؤثر اقدامات، روہڑی میں اہم اجلاس اور مختلف مقامات کا دورہ
عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح، فائر سیفٹی پر مؤثر اقدامات، روہڑی میں اہم اجلاس اور مختلف مقامات کا دورہ
سکر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی اپ ڈیٹ کر رھے ھیں روھڑی سکھر
شہر میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات کے تحت اسسٹنٹ کمشنر روہڑی غلام مرتضیٰ گھانگرو کی زیر صدارت فائر سیفٹی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی ایس پی روہڑی، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس روہڑی، میونسپل کمیٹی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی.
کراچی میں حالیہ افسوسناک سانحہ گل پلازہ کے بعد فائر سیفٹی، آگ سے بچاؤ اور ہنگامی حالات میں احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے. اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر روہڑی غلام مرتضیٰ گھانگرو نے متعلقہ اداروں کے افسران کے ہمراہ روہڑی کے مختلف حساس مقامات جن میں بازار، اولپرز فیکٹری، مارٹس، شاہی بازار اور ایل پی جی سلنڈر شاپس شامل ہیں، کا تفصیلی دورہ کیا.
دورے کے دوران دکانداروں اور عوام کو اعلانات کے ذریعے آگاہی دی گئی کہ آگ لگنے کی صورت میں فوری اور درست ردِعمل کس قدر ضروری ہے. اس موقع پر ڈی ایس پی روہڑی علی محمد مہر، ریسکیو 1122 کے محمد اویس سلطان اور واحد بخش، سول ڈیفنس روہڑی کے سینئر پوسٹ وارڈن آغا جبار خان، انسپکٹر امتیاز بھٹو، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عنایت اللہ بھٹو اور میونسپل کمیٹی روہڑی کے فائر آفیسر لیاقت زنگیجو بھی موجود تھے.
اسسٹنٹ کمشنر روہڑی غلام مرتضیٰ گھانگرو نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سکر نادر شہزاد خان کی خصوصی ہدایات پر یہ دورے اور اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے. انہوں نے کہا کہ گھروں کے کچن، دکانوں، فیکٹریوں اور دفاتر میں فائر ایکسٹنگوئشر اور دیگر فائر فائٹنگ آلات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور عملے کو ان کے استعمال کی تربیت دی جائے.
خصوصی طور پر سول ڈیفنس روہڑی کے سینئر پوسٹ وارڈن آغا جبار خان نے فائر سیفٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آگ سے بچاؤ، عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستوں، فائر الارم سسٹم، فائر ایکسٹنگوئشر کے درست استعمال اور ابتدائی طبی امداد کے بارے میں نہایت اہم اور عملی معلومات فراہم کیں. آغا جبار خان نے کہا کہ عوامی مقامات، بازاروں اور تجارتی مراکز میں فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے.
دورے کے دوران مارٹس، دکانوں اور بینکوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت دی گئی کہ وہ فوری طور پر فائر سیفٹی آلات نصب کریں اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں. اسسٹنٹ کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون کے ساتھ فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت بھی کی.
آخر میں غلام مرتضیٰ گھانگرو نے کہا کہ عوام کی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے پیشگی اقدامات، آگاہی اور مشترکہ حکمتِ عملی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی سانحے سے بچا جا سکے.