October 26, 2026

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب کے سالانہ الیکشن: اتراء گروپ کی انتخابی مہم عروج پر خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20260107-WA0014
    ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب کے سالانہ الیکشن: اتراء گروپ کی انتخابی مہم عروج پر

    خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

    ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب کے سالانہ انتخابات جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، ویسے ویسے وکلاء برادری میں سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اس انتخابی عمل میں اتراء گروپ کے امیدواران کی انتخابی مہم اس وقت اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، جس نے بار روم سے لے کر وکلاء کے ساتھ انفرادی طورپر بھی ایک بھرپور انتخابی ماحول پیدا کر دیا ہے۔
    اتراء گروپ کے ڈسٹرکٹ بار ایسوی ایشن خوشاب کے لیے صدارت کے امیدوار ایڈووکیٹ ملک محمد زبیر حیات اتراء سمیت دیگر امیدواران دن رات وکلاء سے براہِ راست رابطوں میں مصروف ہیں۔ کارنر میٹنگز، رسمی و غیر رسمی نشستیں، اور چیمبر ٹو چیمبر ملاقاتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ گروپ انتخابی مہم کو انتہائی سنجیدگی، نظم و ضبط اور حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھا رہا ہے۔ امیدواران نہ صرف اپنے منشور کی وضاحت کر رہے ہیں بلکہ وکلاء برادری کو درپیش مسائل سن کر ان کے حل کے لیے ٹھوس یقین دہانیاں بھی کرا رہے ہیں۔

    اتراء گروپ کے قائد ایڈووکیٹ ملک محمد زبیر حیات اتراء ، موجودہ صدر ڈی بی اے خوشاب ایڈووکیٹ ملک اختر عباس کھارا، ایکس پریذیڈنٹ ڈی بی اے خوشاب ایڈووکیٹ ملک طاہررضا بگھور اور اتراء گروپ کے دیگر راہنماوں کے مطابق اتراء گروپ کا منشور وکلاء کے بنیادی مسائل کے گرد گھومتا ہے، جن میں پیشہ ورانہ تحفظ، عدالتی سہولیات میں بہتری، بار اور بنچ کے درمیان مضبوط روابط، نوجوان وکلاء کی فلاح و بہبود، لائبریری اور آئی ٹی سہولیات کی اپ گریڈیشن، وکلاء کالونی اور بار کے وقار کی بحالی شامل ہیں۔ گروپ کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد صرف الیکشن جیتنا نہیں بلکہ بار ایسوسی ایشن کو ایک مضبوط، باوقار اور فعال ادارہ بنانا ہے۔
    وکلاء برادری کی جانب سے بھی اتراء گروپ کی انتخابی مہم کو خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔ سینئر وکلاء اتراء گروپ کی قیادت کو تجربہ کار اور متوازن قرار دے رہے ہیں، جبکہ نوجوان وکلاء اس گروپ کے اصلاحاتی ایجنڈے اور مستقبل بین سوچ سے خاصے متاثر نظر آتے ہیں۔ بار روم میں ہونے والی گفتگو اور انتخابی فضا اس امر کی غمازی کر رہی ہے کہ اتراء گروپ کو ایک مضبوط اور سنجیدہ انتخابی قوت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
    انتخابی مہم کے دوران اتراء گروپ کی جانب سے اخلاقی اقدار اور برداشت پر زور دیا جا رہا ہے۔ گروپ قیادت نے واضح کیا ہے کہ انتخابی مقابلہ ذاتیات کے بجائے کارکردگی، وژن اور خدمت کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی مہم میں مثبت پیغام اور تعمیری سوچ نمایاں دکھائی دیتی ہے۔
    ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب کے یہ انتخابات نہ صرف وکلاء برادری کے لیے اہم ہیں بلکہ مجموعی طور پر عدالتی نظام کی بہتری سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ ایسے میں اتراء گروپ کی منظم، متحرک اور پُرامن انتخابی مہم اس بات کا عندیہ دے رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں ایک مضبوط اور مؤثر قیادت سامنے آ سکتی ہے۔
    بلاشبہ، انتخابی میدان میں آخری فیصلہ وکلاء برادری کے ہاتھ میں ہے، تاہم ضلع خوشاب میں موجودہ حالات اور انتخابی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اتراء گروپ کے امیدواران اپنی بھرپور مہم، واضح منشور اور مضبوط رابطہ مہم کے باعث انتخابی دوڑ میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ خوشاب ، نورپورتھل ، نوشہرہ اور قائد آباد سے ووٹ کی طاقت کس کے حق میں فیصلہ سناتی ہے اور کون قست کادھنی ثابت ہوتاہے اس کا فیصلہ الیکشن کے روز ہی ہوگا۔