ڈپٹی کمشنر حب ابراہیم اسماعیل سے زمینداران ایکشن کمیٹی ساکران کے وفد کی آج ملاقات، زرعی ٹیکس کے خلاف شدید تحفظات
ڈپٹی کمشنر حب ابراہیم اسماعیل سے زمینداران ایکشن کمیٹی ساکران کے وفد کی آج ملاقات، زرعی ٹیکس کے خلاف شدید تحفظات
ساکران / حب:
زمینداران ایکشن کمیٹی ساکران کے وفد نے چیئرمین فشریز کوآپریٹو میر اکبر زہری، وائس چیئرمین حب محمد عظیم سیاں اور صدر زمیندار ایکشن کمیٹی ساکران محمد رفیق سیاپاد کی قیادت میں آج ڈپٹی کمشنر حب ابراہیم اسماعیل سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ساکران کے زمینداروں پر زرعی ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور زمینداروں کو درپیش سنگین مسائل سے ضلعی انتظامیہ کو تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔
وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومتِ بلوچستان اور وفاقی حکومت کی جانب سے زمیندار طبقے کو کسی قسم کی عملی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی۔ نہ زرعی ادویات دستیاب ہیں، نہ معیاری بیج، نہ پانی کی مناسب فراہمی ہے اور نہ ہی ٹریکٹر یا زرعی مشینری مہیا کی جا رہی ہے۔ ان حالات میں زمیندار لاکھوں روپے کے مقروض ہو چکے ہیں اور زمینداری صرف نام کی حد تک رہ گئی ہے۔
زمینداروں کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے مزدوروں کی حالت زمینداروں سے بہتر ہے، جبکہ زمیندار ڈیلروں، آڑھتیوں، گاڑی مالکان اور سرکاری محکموں کے مقروض بن چکے ہیں۔ اگر مزید زرعی ٹیکس عائد کیے گئے تو زمیندار مزید قرضوں اور شدید مالی مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔
وفد نے ڈپٹی کمشنر حب کو آگاہ کیا کہ ساکران اور گردونواح کے بیشتر زرعی رقبے طویل عرصے سے پانی کی قلت کا شکار ہیں، کئی چشمے اور زرعی نالے خشک ہو چکے ہیں، جبکہ بارانی علاقوں میں حالیہ برسوں میں فصلیں مسلسل نقصان کا شکار رہی ہیں۔ اس کے باوجود زرعی ٹیکس کا نفاذ زمینداروں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
ڈپٹی کمشنر حب ابراہیم اسماعیل نے زمینداروں کے تحفظات سننے کے بعد صرف یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل اور مطالبات کو متعلقہ اعلیٰ حکام اور صوبائی حکومت تک پہنچا دیا جائے گا، تاہم ملاقات میں زرعی ٹیکس کے فیصلے کے حوالے سے کوئی تحریری حکم یا عملی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
زمینداران ایکشن کمیٹی ساکران نے واضح کیا کہ اگر زرعی ٹیکس کے فیصلے پر فوری نظرِ ثانی نہ کی گئی تو زمیندار آئندہ لائحہ عمل کے تحت مشاورتی اجلاس، پرامن احتجاج، پریس کانفرنس اور اعلیٰ حکام کو تحریری درخواستیں دینے پر مجبور ہوں گے۔ زمینداروں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے جائز حقوق کے لیے ہر آئینی اور قانونی راستہ اختیار کریں گے۔
بعد ازاں وفد نے تحصیلدار حب مرتضیٰ رند، قانونگو عبداللطیف اور پٹواری ریاض سے بھی ملاقات کی اور انہیں بھی زمینداروں کے مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وڈیرہ عبدالمالک موندرہ، وڈیرہ غلام نبی محمد حسنی، آصف بلوچ، میر جان بزنجو، اکبر محمد حسنی، تاج محمد سمالانی، فتح محمد، الائی بخش ملازئی، عبدالمجید شیخ احمدی، اقلیتی کونسلر ساکران گھنشام داس لاسی، وڈیرہ غلام مصطفیٰ سیاپاد، عبدالمالک سیاپاد، وڈیرہ شاہنواز عثمان بندیجہ جنرل کونسلر شاھنواز بزنجوسمیت دیگر زمینداران بھی موجود تھے