کراچی کی تباہی جعلی میئر اور پیپلز پارٹی کی بدترین نااہلی کا نتیجہ ہے، فہیم خان
کراچی کی تباہی جعلی میئر اور پیپلز پارٹی کی بدترین نااہلی کا نتیجہ ہے، فہیم خان
ترقی کے نام پر لوٹ مار، عوام پانی، بجلی اور سڑکوں کو ترس گئے، فہیم خان
کراچی کا انفرااسٹرکچر زمین بوس، میٹروپولیٹن سٹی مٹی اور گندگی میں ڈوب چکا ہے، فہیم خان
شہر کو فوری دیانتدار اور بااختیار قیادت کی اشد ضرورت ہے، فہیم خان
کراچی (پریس ریلیز تاریخ 15 دسمبر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے سینیئر نائب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کراچی کی بگڑتی ہوئی مجموعی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کراچی کے شہر کی ترقی سے متعلق دعوے محض زبانی جمع خرچ ہیں جن کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی میئر کے پاس نہ عوامی مینڈیٹ ہے اور نہ ہی کراچی کی ترقی کے لیے کوئی واضح، مربوط اور مؤثر منصوبہ موجود ہے۔
فہیم خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور صرف کرپشن اور کمیشن ہے، عوامی مسائل ان کی ترجیحات میں کہیں نظر نہیں آتے۔ پیپلز پارٹی نے کراچی کو بدترین انتظامی بحران سے دوچار کر دیا ہے اور آج شہر بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکا ہے۔ شہری پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ حکمران مکمل طور پر ناکام اور بے حس نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، آمدورفت ایک مستقل عذاب بن چکی ہے۔ کہیں کہیں ترقیاتی منصوبے شروع تو کیے جاتے ہیں مگر وہ مکمل ہونے کے بجائے لامتناہی تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں۔ پورے کراچی کو کھود کر رکھ دیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید مشکلات کا شکار ہے۔
فہیم خان نے کہا کہ کراچی جیسے میٹروپولیٹن سٹی میں ہر طرف گرد و غبار اڑ رہا ہے جو انتظامی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ تباہ شدہ سڑکیں اور برباد انفرااسٹرکچر اس امر کی گواہی دے رہے ہیں کہ شہر کا نظام مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ نے بھی کراچی کے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج اور نالوں کا نظام تباہ ہو چکا ہے، معمولی بارش میں پورا شہر تالاب کا منظر پیش کرنے لگتا ہے۔ کچرا اٹھانے کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں اور کراچی گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ٹرانسپورٹ کا نظام مافیا کے رحم و کرم پر ہے، شہری غیر محفوظ اور خستہ حال بسوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
فہیم خان کا کہنا تھا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں، شہری دن دہاڑے لٹ رہے ہیں اور امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ جعلی ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اربوں روپے لوٹے جا رہے ہیں لیکن عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔ تعلیمی اور صحت کے سرکاری ادارے زبوں حالی کا شکار ہیں اور تجاوزات مافیا بے لگام ہو چکا ہے جس نے فٹ پاتھ اور سڑکیں بھی عوام سے چھین لی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے کراچی کے محنت کش طبقے کی کمر توڑ دی ہے جبکہ حکمران طبقہ مکمل طور پر بے حس بنا ہوا ہے۔ جعلی میئر اور پیپلز پارٹی کی نااہلی نے کراچی کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے اور اب شہر کو فوری طور پر ایک دیانتدار، بااختیار اور عوام دوست قیادت کی اشد ضرورت ہے۔
جاری کردہ: میڈیا سیل پی ٹی آئی کراچی