سکھر (بیورورپورٹ)سکھر جمعیت علماء اسلام یونٹ بخش کٹپر کا تربیتی اجلاس مولانا محمد علی برڑو کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور، علاقائی
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر جمعیت علماء اسلام یونٹ بخش کٹپر کا تربیتی اجلاس مولانا محمد علی برڑو کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور، علاقائی صورتحال اور امن و امان کے حوالے سے اہم مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے مہمانِ خاص جمعیت علماء اسلام ضلع سکھر کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد صالح انڈھڑ تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد صالح انڈھڑ نے کہا کہ موجودہ حالات میں معاشرے کو سب سے زیادہ ضرورت امن کی ہے، جبکہ امن کے دعویدار امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ”جب تک ہم سب اپنی ذمہ داری ادا نہیں کریں گے، معاشرے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔”انہوں نے مزید کہا کہ روہڑی میں جاگیرانی برادری کے درمیان جاری خونی تکرار نے خطے کے امن کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اسی صورتحال کے پیشِ نظر جمعیت علماء اسلام نے 22 نومبر ہفتہ کے روز امن مارچ کا اعلان کیا ہے تاکہ مفاہمت اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا جا سکے۔مولانا صالح انڈھڑ نے کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس امن مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔”یہ صرف ایک مارچ نہیں بلکہ ہمارے مستقبل اور ہماری آنے والی نسلوں کے امن کے لیے جدوجہد ہے۔”انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی اس قافلے کا حصہ بنائیں۔اجلاس میں تنظیمی حکمتِ عملی، شعبہ جات کی کارکردگی اور عوامی رابطہ مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر مولانا محمد صالح انڈھڑ کے ہمراہ حافظ عبد الحمید مھر، عبد الشکور کٹپر، حافظ محمد امین کٹپر، محمد ساجن کٹپر اور حبیب اللہ کٹپر موجود تھے۔