November 2, 2026

رحیم یارخان ) پولیس کی کچہ میں مسلح ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائیاں وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ، پولیس نے وسیع رقبہ پر فصل کماد کا گھیراؤ کر لیا سرچ آپریشن جاری، اے ایس پی بھونگ ایاز خان کی سربراہی میں ایس ایچ اوز بھونگ، ماچھکہ، احمد پور لمہ

رحیم یارخان ) پولیس کی کچہ میں مسلح ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائیاں وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ، پولیس نے وسیع رقبہ پر فصل کماد کا گھیراؤ کر لیا سرچ آپریشن جاری، اے ایس پی بھونگ ایاز خان کی سربراہی میں ایس ایچ اوز بھونگ، ماچھکہ، احمد پور لمہ اور کوٹسبزل معہ نفری اور ایلیٹ ٹیمز علاقہ میں موجود۔ تفصیل کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ موضع دعوالہ اور نواز آباد کے علاقوں میں مسلح ملزمان کسی بڑی واردات کی پلاننگ کے ساتھ موجود ہیں جس پر اے ایس پی بھونگ نے حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ بھونگ جبران جیراڈ، ایس ایچ او تھانہ ماچھکہ امجد رشید، ایس ایچ او تھانہ احمد پور لمہ رانا محمد رمضان اور انچارج سی آئی اے محمد سلیم درگھ اور ایلیٹ ٹیمز کو کچہ ایس او پی کے مطابق مکمل تیاری کے ساتھ پہنچنے کا کہا اور خود پولیس پارٹی کی سربراہی کرتے ہوئے نشاندہی شدہ علاقوں میں پہنچے اور علاقہ کا گھیراؤ کر کے مسلح ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا جس پر پولیس کی پیش قدمی و تعاقب پر مسلح ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس کی جانب سے بھی فائرنگ کی سمت کو ٹارگٹ کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی گئی اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے اے ایس پی ایاز خان نے بکتر بند گاڑیاں اور مزید نفری کو بھی موقع پر طلب کر لیا اور گھیرے و سرچ آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا تادم تحریر سرچ آپریشن پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا اور پولیس پیش قدمی جاری رکھے ہوئے تھی، ڈی پی او عمران احمد ملک کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان کو کسی صورت کھلے بندوں گھومتے ہوئے عوام کی جان ومال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پولیس امن و امان کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور کسی بھی کنفرم اطلاع پر پولیس کچہ سمیت پورے ضلع میں ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔