November 17, 2026

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی سکھر: شوہر کی ظلم و زیادتیوں کے خلاف خاتون کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

IMG-20250920-WA0285

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
سکھر: شوہر کی ظلم و زیادتیوں کے خلاف خاتون کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

سکھر (بیورورپورٹ) سکھر کے علاقے چاچڑ محلہ نیوپنڈ کی رہائشی سونیا سومرو نے اپنے شوہر کی ظلم و زیادتیوں اور ناانصافیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سونیا سومرو نے الزام عائد کیا کہ اس کی شادی دو سال قبل سکندر میرانی ولد غلام نبی میرانی، رہائشی برماشل ڈپو قریشی گوٹھ، سے ہوئی تھی۔ شادی کے ابتدائی چند ماہ خوشگوار رہے، تاہم اس کے بعد شوہر نے اسے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ خاتون کے مطابق سکندر میرانی نے پہلے ہی پانچ لڑکیوں کی زندگیاں برباد کیں، جس حقیقت کے سامنے آنے پر وہ اس پر ظلم ڈھانے لگا اور مسلسل دھمکیاں دینے لگا۔سونیا سومرو نے دعویٰ کیا کہ شوہر نے اسے نشہ آور اشیاء کھلا کر بارہا جان سے مارنے کی کوشش کی اور اس دوران نامعلوم مقامات پر لے جاتا رہا۔ خاتون کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل سکندر میرانی نے اسے طلاق دے دی، حالانکہ شادی کے وقت دونوں خاندانوں کے درمیان ایک اسٹامپ پیپر پر یہ شرط طے ہوئی تھی کہ اگر سونیا خود طلاق لے گی تو وہ کسی چیز کی حق دار نہیں ہو گی، لیکن اگر سکندر میرانی اسے طلاق دے گا تو اپنی آدھی جائیداد سونیا کے نام منتقل کرے گا۔خاتون نے الزام لگایا کہ سکندر میرانی نے اس کی عزت کے ساتھ کھیلنے کے بعد اپنی ہوس پوری ہونے پر طلاق دے دی اور اب وہ اسے اور اس کے والدین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ سونیا سومرو کا کہنا تھا کہ اس کے والد دل کے مریض اور خاندان انتہائی غریب ہے، اس لیے وہ انصاف کے حصول کے لیے مجبوراً پریس کلب پہنچی ہے۔متاثرہ خاتون نے اعلیٰ حکام، چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے پرزور اپیل کی کہ سکندر میرانی کو فوری گرفتار کر کے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ وہ مزید کسی اور کی زندگی برباد نہ کر سکے اور ساتھ ہی شادی کے وقت طے شدہ حق بھی اسے دلایا جائے۔