سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین شیدی اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی کا گورنمنٹ اسلامیہ اسکول کا دورہ
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین شیدی
اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی کا
گورنمنٹ اسلامیہ اسکول کا دورہ
سروائیکل کینسر سے بچاؤ مہم کے حوالے سے والدین میں آگاہی، 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین مفت فراہم کی جارہی ہے
سکھر (بیورورپورٹ)اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی ثوبیہ فلک راؤ نے پرانا سکھر میں واقع گورنمنٹ اسلامیہ اسکول کا دورہ کیا اور سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے حوالے سے جاری آگاہی مہم میں والدین کو معلومات فراہم کیں۔دورے کے دوران والدین سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو ایچ پی وی (HPV) ویکسین بالکل مفت فراہم کی جارہی ہے تاکہ مستقبل میں خواتین کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین بچیوں کی صحت اور ان کے روشن مستقبل کے لئے نہایت اہم ہے، لہٰذا والدین اپنی بچیوں کو لازمی طور پر یہ ویکسین لگوانے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے تعاون کریں۔ثوبیہ فلک راؤ نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ اور ضلعی انتظامیہ کی یہ مشترکہ کوشش خواتین کی صحت کے لئے ایک انقلابی قدم ہے۔ اس اقدام سے مستقبل میں کینسر کے خطرات میں نمایاں کمی آئے گی اور خواتین ایک صحت مند زندگی گزار سکیں گی۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ غلط فہمیوں یا سماجی دباؤ میں آئے بغیر اپنی بچیوں کو ویکسین لگوائیں، کیونکہ یہ ان کے بہتر مستقبل اور معاشرے کی مجموعی صحت کے لیے ضروری ہے۔واضح رہے کہ سروائیکل کینسر خواتین میں تیزی سے بڑھنے والی بیماریوں میں شمار ہوتا ہے، جس سے بچاؤ ممکن ہے اگر بروقت ویکسینیشن کرائی جائے۔ اس سلسلے میں حکومت سندھ اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری مہم کے تحت اسکولوں، کالجوں اور مقامی کمیونٹیز میں آگاہی سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے آخر میں والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو اس ویکسینیشن مہم میں لازمی طور پر شامل کریں تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک محفوظ اور صحت مند زندگی فراہم کی جا سکے۔