November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سیپکو سب ڈویژن 4 میں ٹرانسفارمر کی مبینہ غیر قانونی منتقلی، نجی افراد سرگرم، عوام اور سماجی حلقوں میں تشویش، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ

Screenshot_2025-09-18_211429

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سیپکو سب ڈویژن 4 میں ٹرانسفارمر کی مبینہ غیر قانونی منتقلی، نجی افراد سرگرم، عوام اور سماجی حلقوں میں تشویش، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ

سکھر کے علاقے سیپکو سب ڈویژن 4 میں ٹرانسفارمر کی مبینہ طور پر غیر قانونی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے جس میں سرکاری عملے کے بجائے نجی افراد کو بجلی کے حساس نظام میں مداخلت کرتے دیکھا گیا ہے۔ اس غیر قانونی سرگرمی پر شہری اور سماجی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لے کر تحقیقات کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ذرائع کے مطابق واپڈا اسکول، بیراج کالونی میں نصب ٹرانسفارمر کے “لنک” کو اتارنے اور لگانے کا کام سرکاری اہلکاروں کے بجائے مقامی نجی افراد سے کرایا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ کام کسی بھی سرکاری اجازت یا حفاظتی اقدامات کے بغیر انجام دیا جا رہا ہے جو نہ صرف غیر قانونی عمل ہے بلکہ کسی بڑے حادثے یا نقصان کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ ٹرانسفارمر مبینہ طور پر پٹھان اور دیوان نامی افراد کو “ٹھیکے” پر دیا گیا ہے جس کا ماہانہ کرایہ تقریباً تین لاکھ روپے وصول کیا جا رہا ہے۔ اس سارے عمل میں مبینہ طور پر ایس ڈی او، ایکسین اور لائن سپرنٹنڈنٹ (ایل ایس) کی ہدایات شامل ہیں۔شہریوں اور سماجی تنظیموں کا کہنا ہے کہ بجلی جیسے حساس اور خطرناک نظام میں نجی افراد کی شمولیت نہ صرف ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ عوامی جان و مال کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔ عوامی حلقوں نے چیئرمین واپڈا، چیف ایگزیکٹو سیپکو اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے کی شفاف انکوائری کروائی جائے اور ملوث اہلکاروں و نجی افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ادارے کی ساکھ بحال ہو اور شہری ممکنہ خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔