November 17, 2026

*جامعہ کراچی میں نادرہ آن لائن سروسز اینڈ موبائل ایپ کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد*

IMG-20250918-WA0311

*جامعہ کراچی میں نادرہ آن لائن سروسز اینڈ موبائل ایپ کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد*

*گلشن اقبال، گلبرگ اور سرجانی ٹاؤن میں نئے میگا سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ عامر علی خان*

*نادرا جدید ترین اقدامات کر رہا ہے اور اب شہری نادرا کی بیشتر خدمات اپنے موبائل فون کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔ عامر علی خان*

*ادارے محض انفراسٹرکچر سے نہیں بلکہ ایک مضبوط سوچ، واضح ویژن اور پختہ کمٹمنٹ سے تشکیل پاتے ہیں۔ وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) ڈائریکٹر جنرل نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سندھ عامر علی خان نے کہا ہے کہ نادرا عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لئے جدید ترین اقدامات کر رہا ہے اور اب شہری نادرا کی بیشتر خدمات اپنے موبائل فون کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ”پاک آئی ڈی ایپ” کے ذریعے صارفین گھر بیٹھے مختلف سہولتوں سے استفادہ کرسکتے ہیں، جس سے وقت اور محنت دونوں کی بچت ہوگی۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، اس لیے ان کے ذریعے نادرا کی نئی خدمات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی نہ صرف پاکستان کی بڑی جامعات میں شمار ہوتی ہے بلکہ سندھ کی سب سے بڑی درسگاہ بھی ہے، جہاں سب سے زیادہ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ پلیٹ فارم آگاہی کو فروغ دینے کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے آڈیوویژول سینٹر جامعہ کراچی میں نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی سندھ کے زیر اہتمام اور دفتر مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی کے اشتراک سے منعقدہ آگاہی سیشن بعنوان: ”نادرہ آن لائن سروسز اینڈ موبائل ایپ“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے نادرا کے زیر اہتمام جاری مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی اور کراچی میں قائم میگا سینٹر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ مزید تین نئے میگا سینٹرز قائم کئے جائیں گے اور ہماری کوشش ہے کہ مارچ 2026 ء تک یہ کام شروع کردیں۔ نئے میگا سینٹرز گلشن اقبال، گلبرگ اور سرجانی ٹاؤن کے علاقوں میں قائم کئے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نادرا کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جائیں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کے مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں بتایا کہ تمام میگا سینٹرز میں مفت تھیلیسیمیا اسکریننگ کی سہولت بھی میسر ہے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ موجودہ دور ڈیجیٹلائزیشن کا ہے اور پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل نظام نہ صرف شفافیت کو یقینی بناتا ہے بلکہ کرپشن کی روک تھام کے لیے بھی ایک بہترین اور مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا اس ضمن میں ایک مثالی ادارے کے طور پر سامنے آیا ہے جو گزشتہ دو دہائیوں سے تیزی کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہو رہا ہے۔ نادرا نے اپنے پروفیشنل عملے کی بدولت خدمات کے معیار میں غیر معمولی بہتری پیدا کی ہے اور ادارہ جاتی ٹرانسپیرنسی کو یقینی بنایا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مزید کہا کہ ادارے محض انفراسٹرکچر سے نہیں بلکہ ایک مضبوط سوچ، واضح ویژن اور پختہ کمٹمنٹ سے تشکیل پاتے ہیں اور نادرا انہی اداروں میں شامل ہے جنہوں نے ان اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اپنی ساکھ کو مضبوط بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کی فراہم کردہ سہولیات نہ صرف پاکستان کے اندر بسنے والے عوام کے لیے قابل رسائی ہیں بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ان خدمات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈیجیٹل سسٹم قومی ترقی اور عوامی سہولت کے لیے کس قدر اہمیت رکھتا ہے۔ آگاہی سیشن میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس اقدام کو سراہا۔