عنوان: نوری نت کی گرجدار آواز—پاکستانی سنیما کا لازوال ستارہ مصطفیٰ قریشی
عنوان: نوری نت کی گرجدار آواز—پاکستانی سنیما کا لازوال ستارہ مصطفیٰ قریشی
پاکستانی فلم انڈسٹری کے عہد ساز اور لیجنڈری فنکار مصطفیٰ قریشی وہ نام ہیں جنہوں نے اپنی گرجدار آواز، جاندار شخصیت اور بے مثال اداکاری سے فلمی دنیا پر کئی دہائیوں تک حکمرانی کی۔ 1938 میں برٹش انڈیا کے شہر حیدرآباد سندھ میں پیدا ہونے والے مصطفیٰ قریشی نے ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی اور ریڈیو پاکستان کے سندھی پروگرام “اسان جو پاڪستان” میں میزبانی سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ ایکٹنگ کا ارادہ کبھی نہیں تھا لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا، 1966 میں فلم “آگ کا دریا” کی شوٹنگ دیکھنے گئے تو ہدایت کار رضا میر کی نظر ان پر پڑی اور یوں 1967 کی فلم “لاکھوں میں ایک” سے انہوں نے بطور ولن اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی۔ اس ایک کامیاب آغاز کے بعد مصطفیٰ قریشی نے اردو، پنجابی اور سندھی زبانوں کی تقریباً 600 فلموں میں کام کیا اور اپنی صلاحیتوں کے لوہے منوائے۔ ان کی شخصیت جہاں ہیرو کے روپ میں جانی گئی وہیں بطور ولن بھی انہیں بے پناہ شہرت ملی لیکن 1979 کی شہرہ آفاق فلم “مولا جٹ” ان کے کیریئر کا سنگ میل ثابت ہوئی، جس میں ان کے کردار “نوری نت” نے پنجابی فلموں کو نئی پہچان دی اور ان کا مکالمہ “نواں آیا ایں سوہنیا؟” آج بھی ان کی یاد کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے عندلیب، شیر خان، خطرناک، لال آندھی، غلامی، جیوا، سرگم، سلطنت، ظل شاہ اور شریکہ جیسی فلموں سے بھی اپنی فنی عظمت کا لوہا منوایا۔ مصطفیٰ قریشی نے 1970 میں ریڈیو پاکستان سے تعلق رکھنے والی مشہور لوک گلوکارہ روبینہ قریشی سے شادی کی جو پچاس برسوں پر محیط ایک مثالی رفاقت تھی، ان کے بیٹے عامر قریشی بھی اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہوئے مگر والد جیسی کامیابی نہ پا سکے۔ فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ وہ ایک نظریاتی سیاسی کارکن بھی رہے اور طویل عرصہ پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے مگر بعد میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ فن کے میدان میں اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں انہوں نے تین نگار ایوارڈز اور 1988 میں صدر پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس حاصل کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نظریاتی اختلاف کے باعث انہوں نے صدر ضیاء الحق کے ہاتھوں یہ ایوارڈ لینے سے انکار بھی کر دیا تھا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ “میں نے اپنی زندگی کی تقریباً چھ سو فلموں میں کام کیا ہے، سلطان راہی کی موت نے مجھے توڑ کر رکھ دیا، سینما گھروں کے بند ہونے سے پاکستان کی فلمی صنعت تباہ ہوئی جبکہ انڈیا اس انڈسٹری سے آج بھی خطیر آمدنی حاصل کر رہا ہے۔” وہ اپنی اہلیہ کی قبر کے پہلو میں ہی دفن ہونا چاہتے ہیں اور اس کے لیے اپنی آخری آرام گاہ کی جگہ بھی پہلے سے مختص کرا چکے ہیں۔ فلمی دنیا میں ان کی دوستی سلطان راہی، ندیم، غلام محی الدین اور جاوید شیخ سے جبکہ ہدایت کاروں میں الطاف حسین اور مصنفین میں ناصر ادیب و رشید ساجد سے خاص رہی، وہ محفلوں میں کھل کر ہنسی مذاق اور فقرہ بازی کے شوقین تھے۔ مصطفیٰ قریشی نہ صرف ایک بڑے فنکار ہیں بلکہ ایک اعلیٰ ظرف اور ملنسار شخصیت بھی ہیں، ان کی گرجدار آواز اور لازوال کردار آج بھی پاکستان فلم انڈسٹری کی شان ہیں اور رہتی دنیا تک ان کا ذکر نوری نت کے روپ میں زندہ رہے گا۔