November 17, 2026

رپورٹ: رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف عمرکوٹ سامارو تعلقہ اسپتال لاوارث اور بدحال، عمارت کسی بھی وقت گر سکتی ہے

Screenshot_2025-09-11_123041

رپورٹ: رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف عمرکوٹ

سامارو تعلقہ اسپتال لاوارث اور بدحال، عمارت کسی بھی وقت گر سکتی ہے
سامارو (رپورٹ) تعلقہ اسپتال سامارو اس وقت انتہائی بدحالی کا شکار ہے۔ اسپتال کی عمارت خستہ حالی کی وجہ سے کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ اسپتال میں نہ تو مناسب بجٹ دستیاب ہے اور نہ ہی ڈاکٹرز کی مطلوبہ تعداد موجود ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہاں استعمال ہونے والی ایمبولینسز بھی پرانے ماڈلز کی ہیں، جبکہ اسپتال انتظامیہ مسائل کے انبار تلے دب چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تعلقہ اسپتال سامارو نہ صرف سامارو شہر بلکہ آس پاس کے علاقوں کے مریضوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ روزانہ ایک ہزار سے زائد مریض او پی ڈی میں آتے ہیں، لیکن ڈاکٹروں کی پہلے ہی شدید قلت ہے۔ اب عمارت کی خستہ حالی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ کی جانب سے اس اسپتال کی عمارت کو بند کرنے کا حکم جاری کیا جا چکا ہے، تاہم متبادل عمارت نہ ہونے کی وجہ سے اسپتال کا عملہ اور مریض اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر یہاں کام کرنے اور علاج کروانے پر مجبور ہیں۔ تاحال اسپتال کو ریسکیو 1122 کی جدید ماڈل کی ایمبولینس بھی فراہم نہیں کی گئی۔
شہریوں اور اسپتال عملے کی جانب سے ایم این اے محترمہ صبا ٹالپر، ایم پی اے نواب تیمور ٹالپر، ایم پی اے سید سردار شاہ اور وزیر صحت محترمہ عذرا پیچوہو سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اسپتال کی خستہ حال عمارت کا نوٹس لیں، اسپتال کو عارضی طور پر کسی اور عمارت میں منتقل کیا جائے اور موجودہ عمارت کو ازسر نو تعمیر کرایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسپتال کا بجٹ بھی بڑھایا جائے تاکہ روزانہ ہزاروں مریضوں کا علاج ممکن ہو اور غریب عوام کو مناسب سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ضلع عمرکوٹ کے دیگر تعلقہ اسپتالوں کے مقابلے میں سامارو تعلقہ اسپتال کا بجٹ آدھے سے بھی کم ہے۔