جرنیلی سڑک صدیوں کے راستے
جرنیلی سڑک صدیوں کے راستے
میں اس طرف زندگی میں پہلی بار آیا تھا یہ دریائے کابل ہے جس کے کنارے بسا صدیوں پرانا شاندار ماضی لیئے ہوئے پشاور شہر آباد ہے یہ شہر دنیا کے قدیم ترین شہروں مین شمار ہوتا ہےاس کا علاقہ انتہائی سر سبز و شاداب، زرخیز ہے، قدیم مذاہب کی کتابوں، ویدوں، پرانوں، جین مت، بدھ مت، آتش پرست،قدیم ایران، یونان کے تذکرہ نگاروں نے اس شہر کو مختلف نام سے پکارا ہے اس شہر کو ،، ہفت زبان، بھی کہا جاتا ہے خوبصورت پشاور شہر کے وسط سے تقریبا آٹھارہ کلومیٹر آگے جی ٹی روڈ پر باب خیبر ہے جس کے ساتھ ہی خیبر شہر شروع ہو جاتا ہے یہ علاقہ جو انگریزوں سے آزادی کے بعد فاٹا کے تحت ایک خودمختار علاقہ خیبر ایجنسی کہلاتا تھا یہ علاقہ یاغستان بھی کہلاتا ہے، لیکن 2018 میں اس کو ضلع کا درجہ دے کر خیبر پختون خواہ میں شامل کر دیا گیا ہے یہان سے تھورا آگے چلیں تو پہاڑی سلسلہ شروع ہوجاتا ہے اور پہلا چھوٹا سا ایک تاریخی قصبہ جمرود آتا ہے جہان پر ایک شاہی قلعہ بھی موجود ہے جس کے بارے کہا جاتا ہے کہ 1823 میں تعمیر کیا گیا تھا اور رنجیت سنگھ کی فوجوں کا ایک جرنیل ہری سنگھ نلوا افغانوں سے لڑتا ہوا مارا گیا جو یہیں پر دفن ہوا یہ قلعہ جمرود، دفاعی نقطہ نطر سے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے، یہ اب آرمی کے کنٹرول میں ہے۔ یہاں سے اگے چلیں تو سور کمر کا علاقہ اتا ہے،اور سکیورٹی امور زیادہ چاک وچوبند نطر آتے ہیں۔ یہاں داخل ہوتے ہی اپ کو اس بات کا اندازہ یونے لگتا ہے کہ یہاں بلند و بالا خشک پتھریلے پہاڑ اپنے وجود میں ہزاروں کہانیاں تاریخ کاحصہ بنارہے ہیں پھر یہاں پر رینجرز، فوج اور مقامی پولیس کی جگہ جگہ پر چیک پوسٹیں اس علاقہ کی حساسیت کا مظہر ہیں اس ایریا میں داخل ہوتے ہی احساس ہوتا ہے کہ یہاں انسانی بستیان کیوں آباد نہ ہوسکیں۔ سنگلاخ پہاڑوں کے درمیان سفر کرتے ہوئے اس بات کا شدت سے احساس ہوا کہ جہاں پانی نظر آتا وہیں زندگی کا احساس ہونے لگتا ہے چشمے اور ندی نالے جس جانب سفر کرتے ہیں وہیں دو چار پتھروں سے تعمیر شدہ گھر نظر آتے ہیں وقت کی قلت نے ان پہاڑی لوگوں کے پاس چند گھڑیاں گزارنے کا موقع ہی نہ دیا وگرنہ پہاڑی لوگوں سے پہاڑوں کی چٹانوں جیسی داستانیں سن کر اپنے شائقین کے گوش گزار کرتا کیونکہ سرگوشیاں کرتے ہوئے یہ بلند و بالا اور سنگلاخ پہاڑ کسی باریش بزرگ کی طرح سرمئی لباس پہنے لاکھون سالوں پر محیط داستانیں سنانے کے لیئے اپنے راہگزاروں کا انتظار کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ سڑک کے دونوں جانب بلند وبالا خشک پتھریلے پہاڑ ہیں۔ یہاں ہر طرف ایک دلکش ویرانی کا احساس ہوتا ہے۔ہمیں یہاں پہنچتے پہنچتے رات کا پہلا پہر گزر گیا تھا کہ ایک چیک پوسٹ پر ہمیں روک کرکہا گیا کہ آپ رات کو یہاں سفر نہیں کرسکتے صبح آئیں اس طرح سکیورٹی خدشات کی بنا پر رات پشاور شہر میں ایک جگہ ناصر باغ میں قائم رفیوجی کیمپ میں رکنا پڑا اور پھر صبح سکیورٹی کے ساتھ سفر جاری رکھنا پڑا، یہ بڑا ویران علاقہ ہے لیکن اس کی اپنی ہی ایک خوبصورتی ہے۔ تھوڑا اور اگے جائیں تو انگریز دور کا بنایا ہوا ایک شاندار قلعہ شگئی ہے جسے شگئی فورٹ بھی بولتے ہیں جو انتظامی آمور کے لیئے شاید بنایا گیا ہوگا۔ جو 1920 میں تعمیر کیا گیا، اور اب آرمی کے زیرانتظام وانصرام ہے۔یہاں روڑ زگ زیگ کی صورت پہاڑوں کی اترائی چڑھائی میں چلتا جاتا ہے کہ ایک مقام پر مغرب کی جانب ایک ملحقہ پہاڑی پر خوبصورت علی مسجد آتی ہے جو بہت جاذب نظر اور شاندار شاہی طرز تعمیر کا نمونہ ہے، اور ایک شاہی فورٹ بھی پہاڑی کی چوٹی پر موجود ہے یہ بھی دفاعی لہاظ سے آرمی کے زیر استعمال آتا ہے، اس سے آگے چلیں تو ایک جگہ پتھریلے سنگلاخ پہاڑ میں سے ٹھنڈے میٹھے پانی کا چشمہ ابل رہا تھا جہاں سے مقامی لوگ اپنے استعمال کے لیئے پانی بھر رہے تھے میں نے بھی نیچے اتر کر گیلن میں پینے کے لیئے پانی بھر لیا اور سیر ہو کر پیا بھی جو بہت مزے کا تھا،یہان سے اور اگے کو چلے تو راستے میں ایک بڑی سی قلعہ نما عمارت آئی جس پر ایوب کلے لکھا ہوا تھا میرے ساتھ بیٹھے ہوئے ٹرک ڈرائیور نے بتایا کہ یہ ایک بہت بڑے سیاستدان ایوب خاں آفریدی کا گھر ہے جو پہلے ایم این بنتا رہا ہے اب سینٹر ہے جس کے بارے مشہور ہے کہ اس کے ہر امریکی صدر اور دوسرے بڑے بڑے امریکی سیاستدانوں سے قریبی تعلقات ہیں۔ چند کلومیٹر آگے گئے تو سامنے ایک پہاڑ کی چوٹی پر سفلو کا اسٹوپا نطر آیا جس کے بارے میں مقامی لوگ خیال کرتے ہیں کہ یہ کشن تہذیب کے بدھ مذہب کے ماننے والوں کے دور کا تعمیر شدہ ہے جو دو سے تین سو سال قبل مسیح میں شاید بنایا گیا تھا جو صدیوں گزر جانے کے بعد بھی اجڑنے کے باوجود بھی بہت شاندار لگ رہا تھا۔ اس روڈ کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک بھی چلتا جاتا ہے، یہ ٹریک دیکھ کر بندہ حیران رہ جاتا ہے کہ انگریز نے یہ اس زمانے میں بنایا تھا جب ذرائع آمدورفت بلکل نہ تھے کہ ٹریک بچھانے کا اتناہیوئ بھاری سامان وہاں کیسے پہنچا ہوگا اور جگہ جگہ سے خشک پتھریلے پہاڑ اندر سے کاٹ کاٹ کر چھوٹی بڑی 34 سرنگیں بنائی گئیں جہاں سے ریلوے پٹڑی گزرتی ہے، اور 96 کے قریب ریلوے ٹریک گزارنے کے لیئے پل بھی بنائے گے یہ ٹریک 1926 مین بنایا گیاجو پشاور سے شروع ہوکر آگے لنڈی کوتل سے ہوتی ہوئی طورخم بارڈر تک جاتا ہے یہ تقریبا چالیس کلومیٹر کا ٹریک ہے یہ پاکستان کا آخری ریلوے اسٹیشن ہے جو اب اجڑ چکا ہے اور ریلوے ٹریک بھی راستے میں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے یہ اس جانب پاکستان کا آخری ریلوے اسٹیشن ہے اس کی حفاظت کے لیئے اس زمانے میں ٹریک کے ساتھ ساتھ پوسٹیں اور سگنل چیک پوسٹ بھی بنائی گیں جو دور سے ان ویران آجاڑ خشک پتھریلے پہاڑوں میں بہت خوبصورت لگتیں ہیں، مقامی لوگ بتاتے ہیں کہ اب زمانے گزرےاس طرف ریل کو آئے ہوئے۔اس روڈ پر آخری بڑا قصبہ لنڈی کوتل آتا ہے، اس کو شہر میں اس لیئے بھی نہیں کہتا کیونکہ یہ کوئی بڑا شہر نہیں بس یہ ایک بکھرا ہوا قصبہ نما شہر کہہ سکتے ہیں آپ، یہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہے، ایک چھوٹی سی فوجی چھاونی بھی ہے یہاں پر، ایک سی ایم ایچ ہسپتال بھی ہے، کچہری، اسسٹنٹ کمشنر کا آفس اور تحصیل کی سطح پر دیگر انتظامی اداروں کے آفس ہیں ، ایک پوسٹ گریجویٹ کالج بھی نظر آیا، سڑک کنارے ایک دو چھوٹے چھوٹے ٹرکوں والے ڈھابہ نما ہوٹل بھی تھے۔ یہ تاریخی طور پر نہایت ہی اہمیت کا علاقہ ہے،ویسے خوبصورت شہر ہے لنڈی کوتل، اس سے سات آٹھ کلومیٹر آگے چاروں طرف سے پہاڑوں میں گھرا ہوا پاکستان کا آخری مقام ایک چھوٹا سا بکھرا بکھرا اداس سا گاوں طورخم آتا ہے جو آدھا پاکستان میں اور آدھا افغانستان میں آتا ہے، جہاں پر افغان پاکستان ٹرانزٹ زیرو پوائنٹ بارڈر ہے، وہاں پر ایک خوبصورت ٹریڈ کسٹم ٹرمنل بنا ہوا ہے، اور دیگر ملکی سطح پر کام کرنے والی ایجنسیاں ہمہ وقت یہاں موجود ہوتی ہیں، نادرا، ایف آئی اے، والے بھی دونوں طرف آنے جانے والوں کی ویریفیکشن میں مصروف ہوتے ہیں۔ یہ علاقہ بیشک خشک ویران پتھریلے پہاڑوں پر مشتمل ہے لیکن پھر بھی خوبصورت لگتا ہے ایک جادو اور فسوں ہے ان کی اونچائیوں اور ویرانیوں میں ایک کشش ہے ان میں انسان کو اپنی طرف کھینچتی ہے، یا شاید ہم ادھر پہلی بار آئے تھے تو ہمیں ایسے دکھتا تھا یہاں سے آگے ان اداس ویران سنگلاخ پہاڑوں میں سے ہوتا ہوا ٹیڑھا میڑھا تنگ راستہ جہاں سے دو مال بردار گاڑیاں مشکل سے ایک دوسرے کو کراس کرتی ہیں جلال آباد براستہ کابل کو چلا جاتا ہے جو وہاں سے آگے سنٹرل ایشئین ریاستوں کو پاکستان سے ملاتا ہے یہی تنگ راستہ درہ خیبر کہلاتا ہے صدیوں پہلے سکندر اعظم بھی اسی درے کے راستے برصغیر پر حملہ آور ہوا تھا اور بعد میں مغل حکمران بھی اسی راستے سے ہندوستان میں آئے تھے جنہوں نے ایک عظیم مغلیہ بادشاہت قائم کی، یہ وہ مقام ہے جس کو دنیا بھر میں ایک خاص شہرت حاصل ہے، حضرت انسان کی تاریخ میں کسی پہاڑی راستے یا درے نے اتنے گہرے اثرات مرتب نہیں کیئے جتنے درہ خیبر نے کیئے ہیں یہان کھڑا ہوکر سوچ رہا تھا کہ آج اگر یہ درہ نہ ہوتا تو پاک و ہند کی تاریخ بالخصوص اور دنیا کی تاریخ بالعموم اور طرح ہوتی، یہ درہ ہی پاکستان کو سنٹرل اشیئن ریاستوں سے ملاتا ہے، اس مقام کو دیکھنے کے لیئے دنیا بھر سے لوگ اتے ہین، طورخم میں سیاحوں کے لیئے ایک ہوٹل بھی قائم ہے ہوٹل بہزاد، جس کی مسافر کوچز سیاحوں کو لیکر درہ خیبر کا چکر لگاتی رہتی ہیں، اس راستہ سے،یونانی آئے، ایرانی آئے، شاہ آئے، گدا آئے، چور آئے، ڈاکو آئے، سادھو سنت آئے، فقیر ائے، درویش آئے، جو اپنی اپنی بولیاں بول کر رخصت ہوئے، ان میں سے کچھ آج بھی زندہ ہیں اور زیادہ تر تاریخ کے پنوں میں گم ہوگئے، اس تنگ و تاریک سنگلاخ راستے کو شیر شاہ سوری نے کھلا کرکے کابل سے لیکر کلکتہ تک بنایا تھا،جس کو آج دنیا جی ٹی روڈ کے نام سے جانتی ہے۔ جس کا دوسرا نام گرینڈ ٹرنک روڈ بھی ہے، یہ سڑک میرے شہر کے قریب سے بھی گزرتی ہے، آج یہاں میں کھڑے ہوکر سوچ رہا تھا کہ یہ سڑک میرے گاوں کے پاس سے ایسے نہیں ہے جیسی یہاں ہے، جس پر دو ممالک کے درمیان سرحدی لکیرکھینچ دی گئی ہے جس کو ڈیورنڈ لائن کہا جاتا ہے۔
شاہد محمود سیالکوٹ
12/04/2025