پاک–چین کی دوستی اور سمندر کی تہہ سے اُبھرتا نیا خواب
پاک–چین کی دوستی اور سمندر کی تہہ سے اُبھرتا نیا خواب
———————–+
پاک چین کی دوستی کو دنیا ایک مثال کے طور پر دیکھتی ہے۔ یہ رشتہ صرف سیاست یا سفارتکاری کی میز پر ہونے والے معاہدوں تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک ایسا تعلق ہے جو وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پورا اترا ہے۔ جب دنیا کے کئی ملک اپنے مفاد کے ترازو میں تعلقات کو تولتے ہیں، تب چین نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اس کا تعلق دل سے ہے، ضرورت سے نہیں۔ تازہ خبر کہ پاکستان نے چین کی مدد سے سمندر کی تہہ میں قدرتی گیس کے ذخائر دریافت کیے ہیں، محض ایک سائنسی کامیابی نہیں بلکہ ایک نئے دور کی دستک ہے۔
پاکستان کی معیشت ہمیشہ توانائی کے بحران کے بوجھ تلے دبی رہی ہے۔ کبھی تیل کے بڑھتے داموں نے اسے کمزور کیا، کبھی بجلی کی لوڈشیڈنگ نے صنعتوں کے پہیے روک دیے، کبھی گیس کی قلت نے گھریلو چولہوں کو ٹھنڈا کر دیا۔ ایسے میں یہ دریافت اس قوم کے لیے کسی روشنی کی کرن سے کم نہیں۔ یہ بات درست ہے کہ ہمارے پاس وسائل کی کبھی کمی نہیں رہی۔ کبھی ریکوڈک کے سونے اور تانبے کے ذخائر، کبھی تھر کا کوئلہ، کبھی زرخیز زمین اور کبھی محنتی عوام، لیکن مسئلہ ہمیشہ انتظامی نااہلی اور کرپشن کا رہا۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا یہ گیس کے ذخائر بھی اسی تقدیر کا شکار ہوں گے یا یہ واقعی قوم کی زندگی بدلنے کا ذریعہ بنیں گے؟
چین کی شمولیت اس منصوبے کو ایک سنجیدگی عطا کرتی ہے۔ یہ حقیقت اپنی جگہ ہے کہ اگر یہ کام پاکستان کے اپنے اداروں پر چھوڑ دیا جاتا تو شاید برسوں تک صرف اجلاس ہی ہوتے رہتے۔ لیکن چین نے اپنی ٹیکنالوجی اور مہارت کے ذریعے یہ ممکن کر دکھایا کہ سمندر کی تہہ میں چھپے خزانوں تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک چین تعاون کا یہ باب سی پیک کے بعد سب سے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ وسائل کی دریافت اور ان کا صحیح استعمال دو الگ چیزیں ہیں۔ وسائل کی دریافت ایک خوشخبری ہے مگر ان کا شفاف اور دانشمندانہ استعمال اصل امتحان ہے۔ قوم کو خوش فہمیاں نہیں بانٹنی چاہئیں بلکہ عملی حکمتِ عملی کی طرف بڑھنا ہوگا۔ اگر یہ گیس کے ذخائر صرف چند سرمایہ داروں اور طاقتور حلقوں کے لیے منافع بخش ثابت ہوئے تو یہ ایک اور ضائع ہونے والا موقع ہوگا۔ لیکن اگر انہیں قومی ترقی کا ایندھن بنایا گیا، تو پاکستان نہ صرف اپنے توانائی کے بحران سے نکل سکتا ہے بلکہ خطے میں ایک طاقتور کھلاڑی بھی بن سکتا ہے۔
آج یہ دریافت ہمارے لیے ایک امید ہے، ایک خواب ہے، ایک نیا آغاز ہے۔ لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ خواب تبھی حقیقت بنتے ہیں جب ان پر جاگتے ہوئے کام کیا جائے۔ پاک چین کی دوستی ایک تحفہ ہے، مگر تحفے کو سنبھالنے کی ذمہ داری ہماری ہے۔ اگر ہم نے دیانت داری اور وژن کے ساتھ ان ذخائر کو استعمال کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں دعائیں دیں گی۔ ورنہ یہ بھی تاریخ کے اوراق میں ایک کھویا ہوا موقع بن جائے گا۔
@@@@@@@@@@