November 17, 2026

پانی کی سیاست اور برصغیر کا مستقبل

IMG-20250719-WA0158(24)

پانی کی سیاست اور برصغیر کا مستقبل

دنیا میں طاقت کے کئی ہتھیار ہیں؛ کوئی بارود سے دھمکاتا ہے تو کوئی معیشت سے۔ لیکن برصغیر میں ایک ایسا ہتھیار بھی ہے جو نظر نہیں آتا، بس بہتا ہے، زندگی دیتا ہے اور کبھی زندگی چھین لیتا ہے۔ یہ ہتھیار ہے پانی۔ دریاؤں کے بہاؤ میں چھپا یہ راز آج بھی پاکستان اور بھارت کی سیاست کے بیچ سب سے نازک موضوع ہے۔

1947 میں تقسیم ہند کے بعد جب سرحدیں کھینچی گئیں تو دریاؤں پر بھی دیوار کھڑی ہو گئی۔ پاکستان کی زراعت دریاؤں کی مرہونِ منت تھی، مگر پانی کے نلکے بھارت کے ہاتھ میں تھے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب پہلی بار پانی کے قطرے بھی سیاست میں گرے۔ 1960 میں عالمی بینک کی ثالثی سے سندھ طاس معاہدہ ہوا، جس نے مشرقی دریاؤں کو بھارت کے سپرد کیا اور مغربی دریاؤں کو پاکستان کا حق مانا۔ یہ معاہدہ اس خطے کی واحد ایسی ڈوری ہے جو آج تک دونوں ملکوں کو کسی نہ کسی طرح باندھے ہوئے ہے۔

بھارت میں جب بھی انتخابی سیاست گرم ہوتی ہے تو پانی کی گونج سنائی دیتی ہے۔ بھارتی رہنما، خصوصاً بی جے پی کے قائدین، بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ پاکستان کو ایک بوند بھی پانی نہیں جانے دیں گے۔ یہ نعرے عوامی جذبات بھڑکانے کے لیے کارگر ہوتے ہیں، مگر عملی طور پر بھارت کے ہاتھ بندھے ہیں۔ عالمی معاہدہ اور دنیا کی نظریں اسے مکمل طور پر روکنے نہیں دیتیں۔ لیکن بھارت نے ایک اور راستہ نکالا: ڈیمز۔ بگلیہار، کشن گنگا اور دوسرے منصوبے دراصل وہ زنجیریں ہیں جو آہستہ آہستہ پاکستان کے پانی کے بہاؤ کو روکنے کے لیے ڈالی جا رہی ہیں۔

پاکستان کی معیشت کا سب سے بڑا ستون زراعت ہے۔ گندم، کپاس، چاول اور گنا سب انہی دریاؤں کی مٹی میں اگتے ہیں۔ اگر پانی کم ہو تو کھیت ویران، کسان مقروض اور معیشت کھوکھلی ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان ہر فورم پر آواز بلند کرتا ہے کہ بھارت معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ مگر عالمی سیاست کے سوداگر اکثر خاموش رہتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ خود بھارت کے اندر بھی پانی ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے۔ کبھی پنجاب اور ہریانہ میں نہروں پر جھگڑا ہوتا ہے، کبھی تمل ناڈو اور کیرالا کایویری کے پانی پر لڑ پڑتے ہیں۔ عدالتیں فیصلے دیتی ہیں، مگر زمین پر جھگڑا ختم نہیں ہوتا۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ بھارت دوسروں کو پانی کا سبق دیتا ہے مگر اپنے گھر میں پانی کو بانٹنے پر آمادہ نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلی صدی کی جنگیں پانی پر ہوں گی۔ اور برصغیر تو پہلے ہی بارود کے ڈھیر پر بیٹھا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی نے گلیشیئرز کو تیزی سے پگھلانا شروع کر دیا ہے، کبھی اچانک سیلاب آتے ہیں اور کبھی قحط کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسے میں اگر بھارت سیاسی مقاصد کے لیے پانی کو ہتھیار بناتا رہا تو یہ خطہ ایک خوفناک بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔

پانی صرف ایک قدرتی وسیلہ نہیں، یہ امن کا پیغام بھی ہو سکتا ہے اور جنگ کا بہانہ بھی۔ پاکستان اور بھارت اگر اسے تعاون کا ذریعہ بنا لیں تو خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ لیکن اگر سیاسی نعروں اور انتخابی ریلیوں میں اسے نفرت کا ہتھیار بنایا گیا تو تاریخ لکھے گی کہ انسان نے پانی کو روکا، مگر پانی نے انسانوں کی زندگیاں روک دیں۔

@@@@@@@@