اِک دیا جل رہا تھا حوالات میں تحریر پروفیسر ڈاکٹر مجید احمد جائی ۔ملتان
اِک دیا جل رہا تھا حوالات میں
تحریر پروفیسر ڈاکٹر مجید احمد جائی ۔ملتان 0301.7472712
رُخصت ہوئے تو کون تہ خاک تک گیا
تھوڑی سی دُور دیدہ نمناک تک گیا
”اک دیا جل رہا تھا حوالات میں“کے حوالے سے ہارون الرشید ”درد کی دولت“کے عنوان سے لکھتے ہیں:”مختصر سے عرصے میں تکمیل پانے والا دیوان ”اک دیا جل رہا تھا حوالات میں“ایک ایک لفظ دل کو چھوتا ہے،ایک ایک مصرعہ درد اُگاتا ہے۔ایک ایک غزل اور ایک ایک نظم۔یہی درد انسانیت کی متاع ہے۔اسی سے مٹی کے پیکر میں نمی ہوتی ہے۔اسی سے روئیدگی۔آخر کار اسی سی ایمان،خیر اور تہور کی فصلیں اُگتی ہیں۔“
سب دُعائیں بے اثر،اشک بے توقیر ہیں
بند ہو جیسے درتوبہ اجل آنے کے بعد
”اک دیا جل رہا تھا حوالات میں“اوریا مقبول جان کا دوسراشعری مجموعہ ہے۔اوریا مقبول جان ڈراما نگار،کالم نگار،دانشور،صحافی تو ہیں ہی لیکن آپ کی شاعری میں فکر وافکار کی جھلک واضح نظر آتی ہے۔میں نے یہ مجموعہ ”اک دیا جل رہا تھا حوالات میں“لمحہ لمحہ تڑپ کر پڑھا ہے۔اوریامقبول جان کے ایام اسیری ایک طرف،اگرہم معاشرے کو دیکھیں تو عیاں ہوتا ہے کہ ہمیشہ سچے نے اپنے آپ کو سچا ثابت کرنے کے لیے پاپڑ بیلے ہیں۔جھوٹ ہمیشہ سے سرخرو رہا ہے اور سچ ہمیشہ عتاب میں رہا ہے۔یہی حقیقت ہے اور اس سے روگردانی ممکن نہیں ہے۔
شہر ستم نصیب میں غم رواں کا ذکر کیا
خود وہ بجھا بجھا رہا،جس نے دیا جلا لیا
”اک دیا جل رہا تھا حوالات میں“میں اوریامقبول جان کی شخصیت اور فکر و فن کھل کر سامنے آجاتا ہے۔اوریامقبول جان جس طرح کالم نگاری میں معتبر ہیں،شاعری میں بھی بڑی شان اوردیدہ دلیری سے حق کی صدا کو بلند کرتے ہیں۔ہارون الرشید ایک اور جگہ لکھتے ہیں:”اوریا مقبول جان اس شکر گزاری کا اظہار نہ بھی کرتے تو ان کے باب میں یہ کوئی راز نہ تھا۔کم لوگ ہیں جو ایسی حوصلہ مندی سے تنقید اور اختلاف ِ رائے برداشت کر سکتے ہیں۔ایسے دوست بھی دیکھے ہیں کہ ذرا سی بات ناگوار گزری تو اجنبی ہو گئے بلکہ حریف۔ان میں سے ایک نے،چالیس برس کی رفاقت کے بعد محض ایک فرمائش پر معذرت پہ حلقہ یاراں میں کہا ”وہ خود کو خدا سمجھنے لگا ہے“خدا؟خود کو خدا کا کھرا بندہ بھی جس نے کبھی سمجھا نہ تھا مگر وہی بات:ازل سے ایسا ہی ہوتا آیا ہے اور ابد تک ایسا ہی ہوتا رہے گا۔“
جاں کی ملے کسے اماں،کھولے کوئی زباں کہاں
چہرے ہراک نے پڑھ لیے،سب نے ہی دُکھ سنا لیا
”اک دیا جل رہا تھا حوالات میں“اوریامقبول جان کا دوسراشعری مجموعہ تین حصوں میں منقسم ہے۔پہلا حصہ ”مدحت“کے عنوان سے ہے جس میں حمد،نعت اور سیدنا امام حسین کی مدحت پر مشتمل شاعری ہے۔دوسرا حصہ غزل ونظم پر مشتمل ہے اور آخری حصے میں ”ایام اسیری کی شاعری ہے۔آخر میں پنجابی نظم تڑپاتی ہے جس کا یہ شعر دیکھیے:
ہُن باھاں پھڑ میریا مالکا،میں گیا دلدل وِچ کھبھ
اِیتھے رستہ نئیں کوئی لبھدا،میرے چار چوفیرے دُکھ
”اک دیا جل رہاتھا حوالات میں“کے حوالے سے نوشی گیلانی لکھتی ہیں:”زنجیربہ کف آزاد منش کی روشن مزاجی دیکھیں کہ انھوں نے اسیری کے سیاہ دور میں بھی ایک دیا جلائے رکھا۔۔۔سچ کا دیا۔“
”اک دیا جل رہا تھا حوالات میں“کے مطالعہ کرنے سے یہ خوشی ضرورہوئی کہ اوریامقبول جان ناکام محبت کا رونا نہیں روتے۔خوش نصیب ہیں کہ جسے چاہ وہ شریک حیاتِ سفر بن کر ہمیشہ کے لیے خوشیوں کا سماں کرتا رہاہے۔جس کا ایک فقرہ سن کر زندگی بھر کی مشقتوں،محبتوں اور آزمائشوں کا ثمر پالیتے ہیں۔اس فقرے کو زنداں کی زندگی کا سب سے بڑا انعام قرار دیتے ہیں۔اس فقرے نے آپ کی زندگی بدل دی۔اس فقرے کو سننے کے لیے تینتالیس سال،دو ماہ اور تیرہ دن کا انتظار نے آخر زندگی کے دریا نے اپنا رُخ بدل دیا۔اوریامقبول جان،آپ کی محبت کو سلام،آپ کی ہمت کو سلام،آپ کے انتظار کو سلام۔
ایام اسیری کے حوالے سے اوریامقبول جان لکھتے ہیں:”اسیری میرے لیے ایسی نعمت ثابت ہوئی،جس نے میری زندگی کے تیورہی بدل کر رکھ دیے۔ایسے لگا جیسے میں اڑسٹھ برس تک کسی تنگ وتاریک سُرنگ میں اونچے،نیچے راستوں سے گزرتا آیا ہوں۔مجھے ادارک ہی نہیں تھا کہ میں کہاں کہاں سے گزرا ہوں۔مگر زندان کی تنہائی میں جیسے اچانک روشنی ہوگئی اور میں نے اس روشنی میں پیچھے مڑکر دیکھا تو سب کچھ آشکار ہو گیا۔ایک ایک لمحہ کھل کر سامنے آگیا کہ اپنی عمرِعزیز کیسے،کس طرح اور کہاں کہاں گزاری،کہاں پاؤں پھسلے،کہاں ثابت قدم رہا،کس جگہ دل کش مناظر میں گم ہو کر راستا کھویا اور کہاں بے آب وگیاہ خطوں میں ایک آبلہ پا کی طرح مسلسل آگے بڑھتا رہا۔“
خبر کیا تھی کہ آنسو خود اُمڈ آئیں گے آنکھوں میں
ہمیں تو بس کہانی کہتے کہتے آہ بھرنا تھا
”اک دیا جل رہا تھا حوالا ت میں“کے حوالے سے خورشید رضوی لکھتے ہیں:یہ دوسرا مجموعہ ان کی طبیعت کے متنوع عناصر کی مجموعی آئینہ داری کرتا ہے۔ان عناصر میں حریروپریناں اور سیرتِ فولاد دونوں کا عکس ملتا ہے۔میرا گھر میری جنت سے لے کر،توانا عقیدے،مضبوط توکل،مزاحمت اور استقامت سب پہلوؤں کی غماز ایک قوس قزح اس تازہ دیوان میں جھلکتی ہے۔“
ہم ایسے بُرے کیا تھے کہ نفرت نہ محبت
رکھا نہ کبھی پاس نہ سینے سے نکالا
”اک دیا جل رہا تھا حوالات میں“کا انتساب کمال کا ہے۔22۔اگست کے نام (جس دن مجھے زندگی بھر کی مشقتوں،محنتوں اور آزمائشوں کا ثمر ملا)یہ خوب صورت کتاب علامہ عبدالستار عاصم نے خاص اہتمام سے قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے شایع کی ہے،اس کے حصول کے لیے اس کتاب دوست شخصیت سے رابطہ کیا جا سکتا ہے
حسرت ہے کسی کے دامن میں،حیرت ہے کسی کی آنکھوں میں
اس شہر ستم پروردہ میں تقدیربھی کیا ہاتھ آتی ہے
”اک دیا جل رہا تھا حوالات میں“کے حوالے سے احمد فرہاد صاحب یوں قلم فرسائی کرتے ہیں:”یہ ایک قیدی کی کتھا ہے جس کے حلقہ زنجیر کی شاخوں پر ایک وقت تلواربھی مہکتی ہے اور پھول بھی۔بغاوت اور ہوا کے مخالف چلنے کا سودا کبھی اوریاصاحب کے اندر سے نہیں نکلا۔بیوروکریسی سے ڈراما نگاری،ڈرامانگاری سے کالم نگاری اور کالم نگاری سے شاعری۔اوریامقبول جان ہر پڑاو میں ضمیر کی صیلب پر گواہی بن کر لو دیتے رہے۔اس کتاب کے سیاسی و سماجی معروض سے ہٹ کر سب سے حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ یہ شاعری ایک مکمل شاعر کی شاعری ہے۔جس میں روایت کا مکمل شعور بھی ہے اور پاس بھی۔اوریامقبول صاحب نے غزل اور نظم دونوں میدانوں میں جا بجا اپنے تخلیقی دستخط چھوڑے ہیں اور کہیں بھی آپ کو یہ احساس نہیں ہوتا کہ آپ کا مکالمہ کسی ایسے شاعر کی شاعری سے ہے جس کے ان گنت بکھیڑوں میں سے ایک بکھیڑا سخن کاری ہے۔مجھے یقین ہے کہ کل کی تاریخ اوریا مقبول جان کے قلم اور زبان دونوں کی ممنون احسان رہے گی۔
بس اسی عشق میں سب لُطف وکرم تیرے ہیں
”یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں“
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اسی طرح اوریامقبول جان حق او ر سچ کا علم بلند کرتے رہیں۔صحت کی بادشاہی کے ساتھ آسودہ حال رہیں آمین۔اگر یہ پیاری اور اچھوتی کتاب آپ پڑھنا چاہتے ہیں تو علامہ عبدالستار عاصم یا قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل سے رابطہ کرکے منگوا سکتے ہیں۔