عید میلاد النبی اللّٰہ نے فرض نہیں کی ۔۔؟ میں نے ایک بُزرگ سے پوچھا:
عید میلاد النبی اللّٰہ نے فرض نہیں کی ۔۔؟
میں نے ایک بُزرگ سے پوچھا:
“حضورِ پاکﷺ اللہ کے محبوب ہیں، ان کی وجہ سے کائنات تخلیق کی گئی۔
دنیا کی ساری خوشیاں اُن کی وِلادت کے صدقے وجود میں آئیں، پھر باقی عبادتوں کی طرح میلادِ رسولﷺ کو عین فرض کیوں نہیں کیا گیا؟
آخر ہر سال ربّیع اُلاول کے آتے ہی یہ بحث کیوں چِھڑ جاتی ہے کہ آقائے دو جہاںﷺ کے آنے کی خوشی منانی چاہیئے یا نہیں؟”
بابا جی میرا تذّبذب بھانپ چُکے تھے۔
اس سوال کے بعد وہ ایک لمحے کو مُسکرائے اور گویا ہوئے.
“پُتّر !
محبت ایک private چیز کا نام ہے.
محبت کا آدھا حُسن اُسے پوشیدہ رکھنے میں ہے.
اللہ سے بڑا سخی تو کوئی نہیں ہے ناں….
اس لیے اپنا محبوب بھی،
اُس کے جلوے بھی،
اُس کی رحمت بھی
اور اُس کی مُسکان بھی
ساری کائنات سے بانٹ لی….
مگر پُتّر !
اللہ بھی تو پھر اللہ ہے ناں…….
اِدھر بھی اُس نے ایک راز رکھ دیا….
“اُمّتی سب کو بنا دیا مگر عاشق کسی کسی کو۔”
ہر عاشق کی ایک نشانی ہے کہ وہ ہر رُکاوٹ اور فریب سے گُزر کر محبوب تک پہنچ ہی جاتا ہے…..
اِسی لیے اللہ نے حج کو فرض کیا
کعبے کے گِرد طواف کو فرض کر دیا
لیکن مدینے جانے کو فرض قرار نہیں دیا…..
اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ عبادت میں کمی بیشی کی گنجائش نہیں۔
ایک فرض عبادت آپ کو مجبوراً بھی کرنی ہی پڑتی ہے چاہے آپ کا دل کرے یا نہ کرے،
اس لیے حج عمرے کے فرائض مکہ تک ختم…..
اب مدینہ صرف وہی جائے گا جس کا دل کرے گا،
کوئی مجبوری نہیں…..
پُتّر !
اللہ نے سمجھا دیا کہ:
اُمّتی کا تعلق مکہ سے ہے،
“لیکن عاشق کا تعلق مدینہ سے بھی ہے۔”
عبادت کا تعلق مکہ سے ہے،
عشق کا تعلق مدینہ سے ہے۔
اب اگر مدینہ کی حاضری بھی حج کا رکن قرار دے دی جاتی تو:
با امرِ مجبوری، مدینہ ہر کسی کو ہی جانا پڑتا.
اب اللہ نے اپنی محبت اور محبوب کے پروٹوکول کا خیال بھی تو کرنا ہے نا۔”
میں ان کی یہ بات سُن کر نہ جانے کیوں خوشی سے لوٹ پوٹ ہو رہا تھا۔
باباجی پھر فرمانے لگے:
“پتر !
بالکل اسی طرح اللہ نے ہر اس عبادت کو فرض قرار دیا جس کا تعلق بس اللہ سے ہے۔
اب اگر نماز پڑھنی ہے تو پڑھنی ہے، پھر چاہے محبت سے پڑھیں یا مجبوری سے….
اسی طرح روزہ ہے،
اسی طرح زکٰوۃ ہے۔
آپ کو ہر حال میں یہ عبادتیں ادا کرنی ہیں، آپ کا دل چاہے یا نہ چاہے۔
اب درود و سلام کو افضل ترین اور مقبول ترین عبادت کا درجہ دیا-
“وہ واحد عمل جو اللہ بھی کرتا ہے،
مگر اس کو فرض نہیں کیا۔”
کیوں؟
تاکہ کوئی محبوری سے نہ پڑھے، بلکہ جو بھی پڑھے محبت سے پڑھے۔
پُتّر !
“محبت ساری عبادتوں کا مُرشِد ہے۔”
اسی لیے مِیلادِ رسولﷺ کو فرض قرار نہیں دیا۔
تاکہ کوئی مجبوری سے یہ مُقدس خوشی نہ منائے،
جو بھی منائے، جُھوم کر منائے۔
اب سوچیں اگر یہ فرض عبادت ہوتی تو کتنے لوگ دکھاوے کے لیے جیب سے پیسہ لگاتے؟
پُتّر !
اللہ کی بارگاہ میں سب کُچھ گوارہ ہے،
لیکن اُس کے محبوبﷺ کے نام پر دل کی تنگی, دکھاوا اور ماتھے کی تیوری کسی صورت قبول نہیں۔
ابلیس کے سِوا کون ہے جو اس وِلادت پر خوش نہ ہوا ہو؟
اللہ نے ولادت کے سال ہر ماں کو نرینہ اولاد ایسے ہی تو عطا نہیں فرما دی ناں؟
شام تک کے محلات روشن کرنا اللہ کی شان کے مطابق تھا۔
اپنی گلی محلوں میں چراغاں کرنا ہماری حیثیت کے مطابق ہے۔
مگر خوشی ایک ہے۔
جس طرح حضورﷺ کے وضو کا استعمال شُدہ پانی زمین پر گِرنے نہ دینا فرض نہیں،
مگر صحابۂِ کرامؓ نے:
وضو کے استعمال شدہ پانی سے لے کر داڑھی اور سرِ مبارک کے بالوں تک کو بھی کبھی زمین پر نہیں گِرنے دیا،
یہ فرائض نہیں،
یہ محبت ہے۔
پتر !
محبت کا اصول سمجھ لیں،
اللہ نہیں چاہتا کہ کوئی مجبوری کے باعث اس کے محبوب کا نام لے، اُن کے آنے کی خوشی منائے۔
یہ راز کی باتیں ہیں۔
اللہ ہر کسی کو درِ رسولﷺ تک پُہنچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ سمجھ و شعور دے۔
آمین. یا رب العالمین.🌹