سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی۔ ان لاین نیوز سکھر میں بدامنی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی۔ ان لاین نیوز
سکھر میں بدامنی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پوج ہندو پنچایت کی احتجاجی ریلی اور دھرنا
ڈاکٹر کرپال داس پر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ، نااہل ایس ایس پی کو ہٹانے کا مطالبہ، وزیرِاعلیٰ سے 10 اگست کو ملاقات کا اعلان
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، لاقانونیت، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے خلاف پوج ہندو پنچایت کی جانب سے میونسپل اسٹیڈیم سے سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے سکھر پریس کلب پہنچ کر دھرنا دیا اور پولیس انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔اس احتجاجی مظاہرے میں اظہارِ یکجہتی کے لیے وکلاء، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، تاجر برادری، سیاسی، سماجی و مذہبی تنظیموں کے رہنما اور سول سوسائٹی کے افراد سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے اعلان کیا کہ جب تک ڈاکٹر کرپال داس پر حملہ کرنے والے ملزمان گرفتار نہیں کئے جاتے، احتجاج جاری رہے گا۔مظاہرے میں پوج ہندو پنچایت کے مکھی ایشور لعل، ایڈووکیٹ ہمایوں شیخ، سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے حاجی ہارون میمن، مہران مرکز کے صدر ممتاز لکی، جے یو آئی کے مولانا سعود افضل ہالیجوی سمیت متعدد رہنماؤں نے شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکھر کو بھی کندھکوٹ اور کشمور کی طرز پر جرائم کا گڑھ بنا دیا گیا ہے، یہاں نہ ڈاکٹر محفوظ ہیں، نہ تاجر، نہ اقلیتی برادری اور نہ ہی عام شہری۔ آئے دن شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے، کوئی اپنی موٹر سائیکل سے محروم ہو رہا ہے تو کوئی اپنی زندگی کی جمع پونجی سے۔مقررین نے پولیس اور بالخصوص ایس ایس پی سکھر کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ امن و امان کی بحالی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ “چور اور ڈکیت دن دہاڑے شہریوں کو لوٹتے ہیں، ڈاکٹروں کو نشانہ بنا کر حملے کئے جاتے ہیں اور ملزمان باآسانی فرار ہو جاتے ہیں۔مکھی ایشور لعل نے کہا کہ ہندو برادری کے لیے شہر کی فضا تنگ کر دی گئی ہے، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور لوٹ مار کے واقعات معمول بن گئے ہیں۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف، چیف جسٹس آف پاکستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر کرپال داس پر حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، نااہل ایس ایس پی سکھر کو عہدے سے ہٹایا جائے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر کے علامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ 10 اگست کو سکھر میں وزیرِاعلیٰ سندھ سے ملاقات کی جائے گی، جس کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔