November 26, 2026

ایک پیغام تمام سرکاری ملازمین کے نام بلوچستان کے قابل احترام سرکاری ملازمین!

20250730_162247

ایک پیغام تمام سرکاری ملازمین کے نام

بلوچستان کے قابل احترام سرکاری ملازمین!

السلام علیکم ورحمتہ وبرکاتہ

آ ج آپ کو صرف ملازم کی حیثیت سے نہیں ، بلکہ ایک باشعور پاکستانی شہری کے طور پر مخاطب کر رہا ہوں ۔ سوال صرف تنخواہ یا پینشن کا نہیں رہا ، سوال اب شناخت ، عزت ، حق اور مستقبل کا ہے ۔

بطور شہری آپ کے آئینی و قانونی حقوق کیا ہیں ؟

پاکستان کا آئین ہر شہری کو روزگار، اظہار رائے ، احتجاج ، یونین سازی اور سماجی تحفظ کا حق دیتا ہے ۔ آپ صرف ایک ” نوکری کرنے والے” نہیں ، آپ ریاست کے ستون ، نظام کے خادم اور عوام کے نمائندہ اداروں کے ضامن ہیں ۔

بطور سرکاری ملازم آ پ کے بنیادی قانون و پیشہ ورانہ حقوق کیا ہیں ؟

* واضح سروس اسٹرکچر ۔
* بر وقت ترقی (Promotion )
* تنخواہوں میں مہنگائی کے حساب سے اضاضہ ۔
* ریٹائرمنٹ کے بعد مکمل پیشن اور مراعات ۔
* میڈیکل سہولیات ۔
* یونین سازی اور اجتماعی آواز کا حق .
* نوکری میں تحفظ ۔

یہ صرف خواہشات نہیں، قانونی فرائض ہیں ۔ جو ریاست نے آپ سے وعدہ کئے تھے ــ لیکن !
کیا یہ وعدے پورے ہو رہے ہیں ؟

سروس سے لے کر پینشن تک ـــ نا انصافی کا سفر

آج آپ کی سروس اسٹرکچر تباہ حال ہے ۔ آپ کی تنخواہیں افراط زر کے سامنے شرمندہ ہیں ، آپ کی ترقیاں تعطل کا شکار ہیں ، اور ریٹائرمنٹ کے بعد جو تھوڑی سی پیشن تھی ، اب ” اصلاحات ” کے نام پر اس پر بھی قیامت ڈھائی جا رہی ہے ۔
کیا یہ وہی ریاست ہے جس نے آپ سے وفاداری مانگی تھی ؟
کیا اب ریاست خود بے وفائی پر اتر آئی ہے ؟

پینشن اصلاحات ـــ مہذب غلامی کا نیا نام ؟

” پینشن ریفارمز ” کے نام پر جو منصوبہ بندی کی جارہی ہے ، اس کا مقصد واضح ہے :
ریاست ، اپنی زمہ داری سے ہاتھ کھینچنا چاہتی ہے ۔
مطلب یہ کہ آپ ساری زندگی خدمات کریں ، اور ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے بچوں پر بوجھ بن جائیں ؟
یہ نئی غلامی نہیں تو کیا ہے ؟

اتحاد اور جدوجہد اب پہلے سے زیادہ کیوں ضروری ہے ؟

آج ، اتحاد صرف جلسے کی گھنٹی نہیں ــــ
یہ زندگی اور بے توقیری کے درمیان آخری دیوار ہے ۔

* جب تک آپ خود اپنے حقوق کا شعور حاصل نہیں کریں گے ۔۔
* جب تک آپ قانون ، آئین اور ادارہ جاتی طاقت کا علم حاصل نہیں کریں گے ۔۔۔
* جب تک آپ خود اعتمادی سے میدان میں نہیں اتریں گے ۔۔۔۔
تب تک نہ کوئی مسیحا آسمان سے اترے گا ، نہ کوئی سیاستدان آپ کیلئے کھڑا ہو گا ۔

آپ کیلئے چند بنیادی نکات :

1۔ اپنے آئینی و قانونی حقوق کو سمجھیں ، پڑھیں ، اور دوسروں کو بھی سکھائیں ۔
2۔ ہر یونین ، ایسوسی ایشن اور فورم کو جوابدہ بنائیں ۔
3۔ سوشل میڈیا اور عوامی پلیٹ فارمز پر اپنی آواز بلند کریں ۔
4۔ عدالت ، آئین اور اداروں کو بطور ہتھیار استعمال کریں ـــ قانونی جنگ لڑیں۔
5۔ اپنے حق میں عوامی ہمدردی اور حمایت حاصل کریں ۔۔۔

آخر میں چند سوالات قائدین گرینڈ الائنس کیلئے :

1۔ کیا آپ نے ملازمین کو آئینی ، قانونی نکات پر باضابطہ آگاہی دی ؟
2۔ پیشن اصلاحات جیسے اہم مسئلے پر آپ کی متفقہ حکمت عملی کیا ہے ؟
3۔ پچھلے دو ، تین مہینے کی جدوجہد کا آئینی و قانونی نتیجہ کہاں ہے ؟
4۔ کیا حکومت کے مذاکرات میں ملازمین کی اصل نمائندگی ہو رہی ہے ؟
5۔ اگر حکومت نے دھوکہ دیا ، تو آئند ہ کا پلان B کیا ہے ؟

آج ہر سرکاری ملازم کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا
یا تو خاموش غلامی ، یا باوقار جدوجہد !

یاد رکھیں !

” جو قوم اپنے حق کیلئے کھڑی نہیں ہوتی ، وہ تاریخ کے ملبے میں دفن ہو جاتی ہے ۔”

والسلام ”
کامریڈ یار جان یارانہ بلوچ