“پیش گوئی، پراپیگنڈا یا پیش بندی؟ — ریو تاتسوکی سے راولپنڈی تک”
“پیش گوئی، پراپیگنڈا یا پیش بندی؟ —
ریو تاتسوکی سے راولپنڈی تک”
ریو تاتسوکی، جاپان کی ایک گمنام سی مانگا آرٹسٹ، اچانک دنیا کے میڈیا پر چھا گئی، صرف اس لیے کہ اُس نے ایک دو دہائیاں قبل ایک کتاب میں جولائی ۲۰۲۵ کے ایک تباہ کن زلزلے کی پیش گوئی کر دی تھی۔ جیسے ہی جولائی کا مہینہ آیا، ایشیائی میڈیا، سیاحتی کمپنیاں، ہوائی اڈے، ہوٹل، اور یہاں تک کہ چینی وی چیٹ گروپس میں بھی ایک ہی سوال گردش کرنے لگا: کیا جاپان واقع تباہ ہونے والا ہے؟ نتیجہ یہ ہوا کہ ٹورز کینسل ہوئے، جہاز خالی رہے، یہاں تک کہ ٹوکیو میں مقامی شہری بھی دعائیں مانگنے لگے۔ اور جب ۵ جولائی آیا، سورج نکلا، اور کچھ نہ ہوا، تو سوشل میڈیا پر طنز کا سیلاب آ گیا، “Nothing happened in Japan” ہیش ٹیگ بن گیا۔ لیکن اگر ہم اس پوری صورتحال پر غور کریں تو نظر آتا ہے کہ یہ صرف ایک پیش گوئی نہ تھی، بلکہ انسان کی اس جبلت کی نشاندہی تھی کہ وہ آنے والے خطرے سے پہلے خود کو ذہنی طور پر ہار ماننے پر آمادہ کر لیتا ہے۔ اب ذرا یہی آئینہ پاکستان کی سیاسی گلیوں میں رکھ کر دیکھیں، جہاں ہر ہفتے، ہر مہینے کوئی نہ کوئی “ریو تاتسوکی” سامنے آتا ہے—کبھی کسی اینکر کی شکل میں، کبھی کسی نادیدہ تجزیہ کار کی صورت، کبھی کسی ریٹائرڈ افسر کی زبانی—جو ہمیں بتاتا ہے کہ اگلے دو ہفتے فیصلہ کن ہیں، نگران سیٹ اپ لمبا ہونے والا ہے، راولپنڈی نئی بساط بچھا چکا ہے، عمران خان کی رہائی کا وقت آن پہنچا ہے، یا نواز شریف کی واپسی اقتدار کی پکی گارنٹی ہے۔ اور ہم؟ ہم ان خبروں پر وہی ردِعمل دیتے ہیں جو جاپانی عوام نے تاتسوکی کی پیش گوئی پر دیا—خوف، انتظار، اور پھر مایوسی۔ پاکستان میں بھی جیسے جیسے کوئی نئی تاریخ مقرر ہوتی ہے، یوں محسوس ہوتا ہے جیسے سیاسی موسم بدلنے والا ہے، مگر نتیجہ وہی ہوتا ہے: سورج نکلتا ہے، کوئی زلزلہ نہیں آتا، اور عوام ایک اور خالی دن کے ساتھ اپنے دن کی روٹی کے پیچھے بھاگنے لگتے ہیں۔ اب یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ہماری سیاست بھی کسی مانگا ناول کی قسطوں کی طرح چل رہی ہے، جس کا اسکرپٹ کہیں اور لکھا جاتا ہے، کرداروں کو مخصوص جملے دیے جاتے ہیں، اور ناظرین صرف تالیاں بجانے یا بیزار ہو کر اگلے باب کا انتظار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ اور ستم ظریفی یہ ہے کہ یہاں زلزلہ نہ بھی آئے، تو جھٹکے ضرور محسوس ہوتے ہیں۔ وہ جھٹکے جو قیمتوں میں اضافے، انصاف کی عدم دستیابی، اور اداروں کی پراسرار خاموشی کے ذریعے آتے ہیں۔ ریو تاتسوکی کی پیش گوئی نے دنیا کو یہ سکھایا کہ کسی بات کے نہ ہونے کے خوف سے جو نظام بنایا جاتا ہے، وہ خود ایک ہتھیار بن جاتا ہے۔ پاکستان کی سیاست بھی ایسے ہی خوف کے ہتھیار سے لیس ہے—یہاں بس کسی تاریخ کا نام لینا ہوتا ہے، اور لوگ جمہوریت کے نام پر آمریت، یا تبدیلی کے نام پر پرانی لوٹ مار کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ ہر نیا بیانیہ، ہر نئی سازش، دراصل ایک اور مانگا کی قسط ہے، جو ہمارے ذہنوں کو مفلوج کرتی ہے، ہماری سوچ کو ایک نکتہ پر مرکوز رکھتی ہے، تاکہ ہم وہ اصل سوالات نہ پوچھیں، جو ہماری زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ جیسے: تعلیم کیوں مہنگی ہے؟ بجلی کیوں غائب ہے؟ قانون صرف کمزور پر کیوں لاگو ہوتا ہے؟ اور جب کوئی یہ سوال کرتا ہے، تو اُسے بھی کسی اور پیش گوئی کی طرف دھکیل دیا جاتا ہے، تاکہ وہ اصل حقیقت سے دور رہے۔ اس ملک میں جب تک عوام کسی نئی پیش گوئی کے انتظار میں جیتے رہیں گے، تب تک سیاستدان، ادارے اور طاقتور طبقات اسی طرح سکرپٹ لکھتے رہیں گے، اور ہم… ہم صرف اگلی تاریخ کے منتظر رہیں گے، جس روز شاید واقعی کچھ نہ ہو۔ اور پھر ہم یہی کہیں گے: کچھ بھی نہیں ہوا۔ مگر اصل زلزلہ تو کب کا ہمارے ضمیر میں آ چکا ہوگا۔