November 26, 2026

تبصرہ کتب تبصرہ نگار: خالد نجیب خان

IMG-20250728-WA0379

book review2
تبصرہ کتب
تبصرہ نگار: خالد نجیب خان

نام کتاب:’’21ویں صدی کے ماڈرن مسلمان کے لئے شخصیت سازی کے سنہرے اصول‘‘
مصنف : محمد بلال لاکھانی
ناشر : دارالسلام انٹرنیشنل
شخصیت سازی کے حوالے سے یوں توبازار میں بےشمار کتابیں دستیاب ہیں اور اُن کے ناشرین اُن کے بیسٹ سیلر بکس ہونے کا دعویٰ بھی کرتے ہیں مگر وہ کتابیں آپ کو اچھا سیلز مین یا اچھا منتظم یا اچھا ٹرینر بننے میں تو مددگار ہوسکتی ہیں مگر ایک اچھا ،ماڈرن اور اصلی مسلمان بننے میں کوئی مدد نہیں دے سکتیں۔بے شک زندگی بہت قیمتی شے ہے ، اِسے ہم اپنی مرضی سے نہیں گزارسکتے بلکہ زندگی کاایک ایک پل اور ایک ایک لمحہ اللہ تعالیٰ کی امانت ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ زندگی اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق ہی بسر کی جائے۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ وہ کامیاب زندگی بسر کرے ، اُس کی زندگی میں آرام اورسکون ہو ۔ آرام دہ اور پرسکون زندگی کاراز اللہ تعالیٰ کی اطاعت وفرمانبرداری میں ہے ۔ دنیا ایک امتحان گاہ اور زندگی ایک امتحان ہے اور امتحان میں وہی شخص کامیاب ہوتا ہے جو محنت کرکے امتحان کی تیاری کے لئے سب سے پہلے طے شدہ نصاب پڑھے ۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں دین میں پورے کے پورے داخل ہونے کے لئے کہا ہے نا کہ جزوی طور پر۔ کسی عام اور دنیا دارشخص کو دین میں پورے کے پورے داخل ہونے کے لئے یقیناً قرآن اور سنت پر ہی عمل کرنا پڑتا ہے۔کتاب زیر نظر میں مصنف نے قرآن مجید اور صیحیح احادیث کی روشنی میں قارئین کی رہنمائی کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ کس طرح مشکلات و مصائب سے نمٹ سکتے ہیں۔کامیاب زندگی گزارنے کی خواہش رکھنے والوں کے لئے یہ کتاب مشعل راہ اور کامیابی کازینہ ہو سکتی ہے ۔ کتاب کی افادیت اور اہمیت کااندازہ اس کے نام سے بھی کیاجاسکتا ہے ۔
زیر نظر کتاب ’’ 21ویں صدی کے ماڈرن مسلمان کے لئے شخصیت سازی کے سنہرے اصول ‘‘ کے مصنف محمد بلال لاکھانی دراصل قرآن وحدیث کے ساتھ ساتھ جدید علوم پر بھی دسترس رکھتے ہیں ۔مصنف نے یہ کتاب دراصل انگریزی زبان میں Real life lessons from The Holy Quran for the 21st century Muslimsکے نام سے لکھی تھی جسے بعد میں اردو دان طبقے کے افادہ کے لئے یونس قریشی نے ترجمہ کیا ہے ۔ یوں یہ کتاب اُن لوگوں کے لئے پیغامِ حیات بن گئی ہے جو زندگی کی نفسیاتی اور مادی الجھنوں سے چھٹکارا پا کر خوشگوار زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں۔کتاب کا اسلوب بے حد سلیس اور معروضی ہےاور غیر ضروری تفصیلات سے گریز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے نفس مضمون فوری طورپرقاری کے دل و دماغ میں اُتر جاتا ہے ۔
کتاب کا مقصد قاری کویہ باور کروانا ہے کہ اکیسویں صدی کے جدید تعلیم یافتہ مسلمان قرآن مجید سے زندگی کے اسباق تلاش کریں اور اس کو نصاب زندگی کے طور پرپڑھیں ۔ یہ کتاب ان شاء اللہ قارئین میں قرآن مجیدکے تفصیلی مطالعے اور اس پر گہرے غوروخوض کاشوق اور جذبہ پیداکرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔کتاب زیر نظر میں اکیسویں صدی کے جدید تعلیم یافتہ مسلمان کے لئے قرآن مجید سے اخذ کئے گئے سو سے زائد اسباق دئیے گیے ہیں اور زندگی کے معاملات ومسائل کے متعلق قرآن مجید سے براہ راست رہنمائی حاصل کرنے کے آسان اور موثر طریقے بتائے گئے ہیں ۔ کتاب کااندازِ بیان سادہ ، دلنشین اور عام فہم ہے ۔
کتاب کو پانچ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے باب میں بتایاگیا ہے کہ زندگی خوشگوار ہوتوکیاکرنا چاہئے ،زندگی خوشگوار نہ ہوتو کیاکرناچاہئے ،اللہ تعالیٰ دولت اور صحت واپس لے لے تو کیا کرنا چاہئے ؟مشکلات ومصائب میں کون سی قرآنی آیات مددگار ہیں ، آدمی خود کوشیطان کاپیروکار بنتادیکھے توکیاکرے ؟ ۔ دوسرے باب میں حصولِ جنت کی قدم بہ قدم منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ اور اُن افعال ، احوال اور معاملات کاتذکرہ کیاگیاہے جن پر عمل پیرا ہوکر بندہ یقینی طور جنت کاحقدار بن جاتا ہے ۔ تیسرے باب میں جہنم سے بچنے کے طریقے بیان کئے گئے ہیں اور کارآمد نصیحتیں بیان کی گئی ہیں ۔چوتھے باب میں حضرت یوسف علیہ السلام کے قصہ کی روشنی میں حقیقی زندگی کے اسباب بیان کئے گئے ہیں ۔ آخری باب میں بیان کیا گیا ہے کہ روپیہ اور اسلام دوست ہیں یادشمن ؟ ۔
قرآن مجید کے زریں اصولوں ، ہدایات ، اسباق پر مشتمل یہ کتاب ہرنوجوان بچے ، بچی کی ضرورت ہے ۔ قرآن مجید سے ماخوذ نصاب ِ زندگی کی یہ کتاب اکیسویں صدی کے جدید مسلمان کو غلطیوں سے بچائے گی اور سیدھی راہ پرچلائے گی ۔ لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب دنیا کے انسان اپنے مسائل کے حل کے لئے قرآن مجید سے رہنمائی لیں ۔ ظاہری اعتبار سے یہ کتاب جس قدر خوبصورت ہے مضامین کے اعتبار سے اس سے بھی کہیں زیادہ خوبصورت ا ور دلکش ہے ۔یقیناً یہ کتاب ہر گھر اور ہر لائبریری کی ضرورت ہے ۔ یہ کتاب اپنے بچوں ، بچیوں اور دوست احباب کو تحفہ میں بھی دی جاسکتی ہے۔
دینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ دارالسلام لوئر مال لاہورنے یہ کتاب آرٹ پیپر پر چہار کلر، دلکش اور جاذب نظر طریقے سے باتصویر شائع کی ہے ۔
۰۰۰