*ریاست ماں ہوتی ہے، استحصالی نہیں!* *تحریر: محمد زاہد مجید انور*
*ریاست ماں ہوتی ہے، استحصالی نہیں!*
*تحریر: محمد زاہد مجید انور*
*پنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر، رکنِ صوبائی اسمبلی اور معروف قانون دان چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ نے ایک نہایت اہم عوامی مسئلے پر مدلل اور جرات مندانہ خطاب کیا۔ ان کا موضوع وہ سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں دکاندار تھے، جو گزشتہ کئی دہائیوں سے سرکاری زمینوں پر کرایہ دار کے طور پر کاروبار کر رہے ہیں اور جن کے معاشی وجود کو آج حکومتی پالیسیوں سے شدید خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے ایوان کو یاد دلایا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ایسے دکاندار موجود ہیں جو 70 سے 80 سال سے بلدیاتی اداروں یا ضلع کونسلز سے کرایہ پر لی گئی جگہوں پر نہ صرف باقاعدہ کرایہ ادا کر رہے ہیں بلکہ وہاں لاکھوں روپے کی لاگت سے اپنے سٹرکچر بھی تعمیر کر چکے ہیں۔ ان جگہوں پر دکانیں بنانے والوں کی نسلیں ان کاروباروں کو سنبھالتی چلی آرہی ہیں۔ یہ کاروبار نہ صرف ان خاندانوں کے معاش کا ذریعہ ہیں بلکہ متعلقہ شہروں میں گڈ وِل، اعتماد اور روزگار کا بھی ایک مستقل نظام قائم کیے ہوئے ہیں۔تاہم، افسوس کا مقام ہے کہ 2019 میں جاری کردہ ایک پالیسی کے تحت ان دکانداروں کو یکطرفہ طور پر نیلامی کے ذریعے بےدخل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ چوہدری امجد جاوید نے سوال اٹھایا کہ آیا ریاست، جو ماں کا درجہ رکھتی ہے، اپنے ہی شہریوں کو بے دخل کر کے ان کا روزگار چھیننے پر کیوں تُلی ہوئی ہے؟ کیا یہ پالیسی انسانی ہمدردی، قانون اور معاشی انصاف کے تقاضوں پر پورا اترتی ہے؟انہوں نے ایوان کو یاد دہانی کرائی کہ موجودہ کرایہ داری قانون کے تحت، یہاں تک کہ ایک پرائیویٹ مالک بھی کسی کرایہ دار کو جب تک اپنی ذاتی ضرورت نہ ہو، جگہ خالی کروانے پر مجبور نہیں کر سکتا۔ تو پھر ریاست، جو فلاحی ذمہ داریوں کی حامل ہے، کس اخلاقی، قانونی اور انسانی جواز کے تحت ان غریب کاروباریوں کی دہائیوں پر محیط محنت کو یکسر نظر انداز کر کے نیلامی کا عمل شروع کر رہی ہے؟ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک غیر منصفانہ اور استحصالی عمل ہے۔ اگر زمین حکومت کی ملکیت ہے تو سٹرکچر بہرحال دکاندار کی ملکیت ہے۔ اسے نظرانداز کر کے کسی بھی نیلامی کا آغاز نہ صرف زیادتی بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید نشاندہی کی کہ ان کے خود کے شہر میں 1200 سے زائد دکاندار اس مسئلے کی زد میں ہیں، جہاں ان کے کاروبار اور گڈ وِل کو کسی قسم کے معاوضے یا متبادل کے بغیر ختم کیا جا رہا ہے۔چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پریولیج موشن، ارجنٹ موشنز، اور درجنوں سوالات اس مسئلے پر اسمبلی میں زیرِ التوا ہیں۔ صرف وہ ہی نہیں، بلکہ میاں ثاقب، راؤ کاشف رحیم اور دیگر اراکین کی جانب سے بھی اسی مسئلے پر تحریکات جمع کرائی گئی ہیں، مگر متعلقہ محکمے ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ حتیٰ کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے واضح احکامات بھی بورڈ آف ریونیو نے نظر انداز کر دیے ہیں۔ان کا واضح مطالبہ تھا کہ جب تک اس سنگین عوامی مسئلے پر حتمی پالیسی اور فیصلہ سامنے نہیں آتا، تب تک نیلامی کا عمل فوری روکا جائے۔ بصورتِ دیگر یہ اقدام ہزاروں خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے کر دے گا اور حکومت کے لیے بھی بدنامی کا باعث بنے گا۔چوہدری امجد جاوید کا یہ خطاب صرف ایک تقریر نہیں بلکہ ان ہزاروں محنت کش دکانداروں کی آواز ہے جن کے پاس اپنی بات کہنے کا کوئی مؤثر فورم نہیں۔ اب یہ ایوان، حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس آواز کو سنیں، اور انصاف پر مبنی، فلاحی طرزِ عمل اختیار کریں — کیونکہ ریاست ماں ہوتی ہے، استحصالی نہیں۔*