پڑھ کر کیا کرنا؟؟؟؟؟
پڑھ کر کیا کرنا؟؟؟؟؟
دنیا اخبار کی خبر ہے کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں امسال تیسری میرٹ لسٹ لگنے کے باوجود صرف تین سو امیدواران نے فیس جمع کرائی ہے. جبکہ یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں چار ہزار سے زائد داخلوں کی گنجائش ہے. نیز یہ کہ ان تین سو امیدواران میں سے بھی کچھ نے فیس واپسی کی درخواست دے رکھی ہے. زیادہ تر داخلے بائیوٹیکنالوجی، فارمیسی ،کمپیوٹر سائنس اور لاء کالج کے ہیں. ریاضی، فزکس کیمسٹری، انگریزی اردو جیسے شعبہ جات میں درخواستیں نہ ہونے کے برابر ہیں. میں نے جب یہ خبر اپنے ایک عزیز سے شیئر کی جو کہ اسلامک انٹر نیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں ریاضی میں ڈاکٹریٹ کر رہا ہے اور وزٹنگ فیکلٹی ممبر بھی ہے. تو اس نے بتایا کہ اسلام آباد کی ٹاپ یونیورسٹیز جیسے قائداعظم، نسٹ, اور اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی میں بھی یہی صورت حال ہے. بالخصوص پیور سبجیکٹس جیسا کہ فزکس میتھ کیمسٹری میں داخلوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے. جہاں پچھتر سے سو یا ڈیڑھ سو تک داخلے ہوتے تھے اور سینکڑوں امیدواروں کی درخواستیں رد کر دی جاتی تھیں. وہیں بیس پچیس سے زیادہ داخلے نہیں ہیں.
ایک وقت تھا کہ ان یونیورسٹیز میں داخلہ ہزاروں طلباء کا خواب ہوا کرتا تھا. اب ایک دم سے طلباء کی عدم دلچسپی کی کیا وجوہات ہو سکتی ہیں؟