October 23, 2026

سکھر ( بیورو چیف دعا آن لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن ) کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے سکھر ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیزکو سختی سے ہدایت دی ہے کہ مسافر گاڑیوں سے ایل پی جی سلینڈرز فوری طور ہٹائے جائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری

IMG-20240730-WA0198

سکھر ( بیورو چیف دعا آن لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن ) کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے سکھر ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیزکو سختی سے ہدایت دی ہے کہ مسافر گاڑیوں سے ایل پی جی سلینڈرز فوری طور ہٹائے جائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور گاڑیوں کی فٹنس پر کڑی نظر رکھی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز سکھر ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی سلینڈرز کا استعمال غیر قانونی ہے، جس سے آگ لگنے کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں، اس عمل کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ کمشنر سکھر نے سکھر ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے سیکریٹریز کو ہدایات دیں کہ گاڑیوں کے حادثات کی روک تھام ، ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزیوں میں کمی اور گاڑیوں کی انسپیکشن کے صحیح نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سیکرٹریز کو حکم دیا کہ وہ ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹیز/کمیٹیوں کو فعال کریں اور مذکورہ امور کے حوالے سے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے روڈ ٹریفک حادثات سے بچنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے اور ٹرانسپورٹ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ کمشنر سکھر نے ہدایات دیں کہ شہری علاقوں سے غیر قانونی بس اڈوں کا بھی خاتمہ کیا جائے، جس کے باعث ڈویژن کے مختلف شہروں میں ٹریفک کے مسائل جنم لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز مل کر ان مسائل پر قابو پائیں اور اس ضمن میں کمشنر آفیس کو ماہانہ پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس میں ڈاکٹر عامر انصاری، ایڈیشنل کمشنر سکھر 1 حاجن اجن، اسسٹنٹ کمشنر روینیو امیر علی میرانی، اسسٹنٹ کمشنر عبدالاحد سولنگی، سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے سیکریٹریز ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز و دیگر نے شرکت کی۔

****