*خلیل الرحمٰن قمر کی نازیبا ویڈیوز موجود ہیں، ڈراما ساز کو اغوا کرنے والے ملزم کے تہلکہ خیز انکشافات*
*خلیل الرحمٰن قمر کی نازیبا ویڈیوز موجود ہیں، ڈراما ساز کو اغوا کرنے والے ملزم کے تہلکہ خیز انکشافات*
خلیل الرحمٰن قمر کو ڈراما بنانے کا جھانسا دے کر رات کو بلانے کے بعد اغوا اور مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ڈراما ساز کی نازیبا ویڈیوز موجود ہیں۔
خلیل الرحمٰن قمر کے اغوا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے کیس میں ملوث مفرور ملزم حسن شاہ نے ایک نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں تہلکہ خیز انکشافات بھی کیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈراما ساز کے پیچھے آمنہ عروج نہیں بلکہ خود خلیل الرحمٰن قمر ان کے پیچھے پڑے ہوئے تھے۔
ان کے مطابق اگر خلیل الرحمٰن قمر کے موبائل کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) نکلوایا جائے تو صاف پتا چل جائے گا کہ کون کس کو پہلے کالز کرتا تھا؟
ملزم حسن شاہ کا دعویٰ تھا کہ خلیل الرحمٰن قمر نے جس خاتون آمنہ عروج پر الزام لگایا ہے، وہ ان کے پاؤں تک چومتے رہے ہیں اور ان سے کہتے رہے ہیں کہ انہیں ان سے محبت ہوگئی۔
ان کے مطابق آمنہ عروج ماڈل رہی ہیں، ان کی جیسے ہی خلیل الرحمٰن قمر سے پہلی ملاقات ہوئی تو ان کے درمیان تعلقات بڑھے اور بعد ازاں ڈراما ساز نے ان سے کہنا شروع کردیا کہ انہیں ماڈل سے محبت ہوگئی۔
ملزم کا دعویٰ تھا کہ ان کے پاس خلیل الرحمٰن قمر کی ڈیڑھ سے دو گھنٹے طویل دورانیے کی ویڈیوز موجود ہیں، جنہیں انہیں شراب کے نشے میں دھت بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس خلیل الرحمٰن قمر کی نامناسب ویڈیوز بھی موجود ہیں، جنہیں وہ پہلے ہی لیک کرنا چاہتے تھے لیکن محرم الحرام کی وجہ سے وہ رک گئے، اب وہ ویڈیوز بھی سامنے آئیں گی۔
انہوں نے خلیل الرحمٰن قمر کو ہنی ٹریپ کرکے انہیں اغوا کرنے کے دعووں کو مسترد کردیا اور کہا کہ اگر وہ اغوا کار ہوتے تو اپنی ہی گاڑیوں میں درست نمبر پلیٹس کے ساتھ نہ آتے اور نہ ہی ان کے نام اور فون نمبرز ڈراما ساز کو معلوم ہوتے۔
ملزم حسین شاہ کے مطابق پولیس نے خلیل الرحمٰن قمر کے کہنے پر ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا، اگر ڈراما ساز کی سی ڈی آر نکالی جائے اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد درست تحقیق کی جائے تو سچ سامنے آ جائے گا۔
خیال رہے کہ پولیس نے مذکورہ ملزم حسین شاہ کو ماسٹر مائینڈ قرار دے رکھا ہے اور انہیں آمنہ عروج کا قریبی ساتھی بھی قرار دے رکھا ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے خلیل الرحمٰن قمر کو ہنی ٹریپ کا شکار بنا کر اغوا کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور ڈراما ساز سے پیسے بٹورے۔
آمنہ عروج اس وقت پولیس تحویل میں ہے جب کہ دیگر ملزمان فرار ہیں اور پولیس معاملے کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔