**لاہور: پی ٹی آئی ایم پی اے صائمہ کنول کے خلاف مبینہ جھوٹی ایف آئی آر — سیاسی دباؤ یا ذاتی مفاد؟**
**لاہور: پی ٹی آئی ایم پی اے صائمہ کنول کے خلاف مبینہ جھوٹی ایف آئی آر — سیاسی دباؤ یا ذاتی مفاد؟**
لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کی رکنِ پنجاب اسمبلی صائمہ کنول کے خلاف تھانہ شمس کالونی، اسلام آباد میں ایک متنازع ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جس میں ان پر ایک فوتگی کے موقع پر ریلی نکالنے اور لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مقدمہ ایس ایچ او احمد رضا کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
تاہم ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعے کے وقت صائمہ کنول اسلام آباد میں موجود ہی نہیں تھیں۔ ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پورا دن لاہور میں تھیں اور صبح 9 بجے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں باقاعدہ شرکت کر رہی تھیں، جس کی حاضری ریکارڈ سے تصدیق ممکن ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اس ایف آئی آر نے پولیس کے کردار پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ بعض حلقوں کا دعویٰ ہے کہ شاید ایس ایچ او صاحب نے یہ مقدمہ کسی سیاسی دباؤ یا ممکنہ پروموشن کے حصول کی غرض سے درج کیا ہو تاکہ وہ اعلیٰ افسران کی نظروں میں “فرض شناس” اور “کارکردگی دکھانے والے” افسر کے طور پر سامنے آ سکیں۔
انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ کسی خاتون عوامی نمائندہ کے خلاف شواہد کے بغیر کارروائی نہ صرف بنیادی انسانی اقدار بلکہ پولیسنگ کے اخلاقی معیار کے بھی منافی ہے۔ صحافتی حلقوں میں یہ سوال بھی گردش کر رہا ہے کہ اگر ایک ایم پی اے کو بھی اپنی موجودگی کے ناقابل تردید ثبوتوں کے باوجود اس قسم کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے، تو عام شہری کس حد تک محفوظ ہیں؟
بعض تجزیہ کاروں کے مطابق صائمہ کنول کی وہی “قصور” سامنے آ رہا ہے جو حالیہ مہینوں میں متعدد سیاسی شخصیات کا بنتا آیا ہے — یعنی پارٹی پالیسی سے انحراف نہ کرنا اور عمران خان کی قیادت سے وابستہ رہنا۔
تاحال پولیس حکام کی جانب سے صائمہ کنول کی موجودگی یا ایف آئی آر میں درج الزامات سے متعلق وضاحت جاری نہیں کی گئی۔