روایتی میڈیا اور جدید میڈیا ڈاکٹر معید اپنا ولاگ شروع کرتے ہیں تو ہر تیسرے ولاگ میں ڈان کے اداریے پر تنقید کرتے ہیں۔ ایک ایسا اخبار جس کی سرکولیشن شاید ہی پورے ملک میں دس ہزار سے اوپر ہو اور اس دس ہزار
روایتی میڈیا اور جدید میڈیا
ڈاکٹر معید اپنا ولاگ شروع کرتے ہیں تو ہر تیسرے ولاگ میں ڈان کے اداریے پر تنقید کرتے ہیں۔ ایک ایسا اخبار جس کی سرکولیشن شاید ہی پورے ملک میں دس ہزار سے اوپر ہو اور اس دس ہزار میں سے شاید چند سو لوگ اس اداریے کو پڑھتے ہوں اس پر تبصرہ کرنا ، اسے زیر بحث نکالنا چہ معنی؟ لیکن یہ ایک مائنڈ سیٹ ہے۔ پاکستان میں پڑھے لکھے لوگ ، میڈیا سے وابستہ لوگ ، بابو افسر لوگ صبح سویرے ڈان پڑھا کرتے تھے۔ دو چار مزید اخبار دیکھا کرتے تھے۔ چند عالمی جریدے اور پھر بہت بعد میں انکی نیوز ویب سائٹس دیکھتے تھے۔ وہاں سے ان لوگوں کو اندازہ ہوتا تھا کہ لوگ کیا سوچتے ہیں۔ حکومت کیا کرنا چاہ رہی ہے۔ اس پر کسی سمجھدار پڑھے لکھے اخبار نویس یا ایڈیٹر کا کیا کہنا ہے۔
اب یہ جانچنا کہ لوگ کیا سوچتے ہیں بہت آسان ہے۔ تھوڑی سی دیر سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر جائیں۔ وہاں ریچ ، ویور شپ ، ایکٹویٹی دیکھیں۔ آپ کو چند منٹوں میں اندازہ ہوجائے گا کہ عوام کیا سوچتے ہیں۔ انکی کس کے لیے پسندیدگی ہے اور کس کے لیے ناپسندیدگی۔ آپ میں سے اکثریت ٹک ٹاک نہیں دیکھتی۔ ایکس کی آڈینس ہی ایسی ہے۔ ڈاکٹر معید بھی یقینا نہیں دیکھتے ہوں گے۔ لیکن ٹک ٹاک پاکستان کا سب سے بڑا اور زیادہ دیکھا جانے والا پلیٹ فارم ہے۔ سیاسی ، سماجی ، مذہبی ہر طرح کی ابلاغ کا سب سے بڑا ذریعہ ٹک ٹاک ہے۔ یعنی ڈاکٹر معید جیسا آدمی جو سوشل میڈیا سے جڑا ہے جسکی مکمل صحافت ڈیجیٹل دنیا تک محدود ہے جو ٹی وی اور اخبار کے صحافیوں سے بہت زیادہ سوشل میڈیا سے جڑا ہے وہ آدمی سب سے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم نہیں دیکھتا( یہ میرا اندازہ ہے ) تو وہ صحافی جن کی کل دنیا ہی ایک پرامپٹر ،ایک پروڈیوسر ، دو ریسرچرز اور چند سیاستدان اور بیوروکریٹ دوستوں تک محدود ہے انہیں کیسے اندازہ ہوگا کہ دنیا کیا سوچتی ہے۔ عوام کیا سوچتے ہیں۔ وہ سی این این کا کوئی پول یا ہیڈ لائن دیکھیں گے کوئی بھی رائے قائم کریں گے اور پھر وہ رائے ویسے ہی غلط نکلی جیسے پاکستانی صحافیوں کی رائے روزانہ تھوک کی بنیاد پر غلط نکلتی ہے۔
عمران ریاض روزانہ اپنا ولاگ کرتے ہیں۔ پاکستان کے سب سے مقبول ولاگر ہیں۔ اکیلے عمران ریاض کی ویور شپ ایک طرف اور پھر نمبر دو تین چار پانچ چھ کی ویور شپ ملا کر ایک طرف۔ عمران ریاض نے جب یوٹیوب شروع کیا تو وہ اچھے صحافی تھے لیکن پاکستان کے سب سے نمایاں صحافی نہیں تھے۔ ان سے کہیں زیادہ پڑھے لکھے ، زیادہ ریٹنگ لینے والے پروگرام اینکر موجود تھے۔ لیکن عمران ریاض اس کلاس میں سے یوٹیوب پر آنے والے پہلے نمایاں شخص ضرور تھے۔ تسلسل ، درست سمت اور دیگر کچھ چھوٹی وجوہات نے عمران ریاض کو اس پوزیشن پر کھڑا کیا ہے۔
لیکن کیا یہ سلسلہ ہمیشہ چلے گا؟ کیا عمران ریاض ہمیشہ ملک کے سب سے مقبول ولاگر رہیں گے؟ بلکہ کیا یوٹیوب ہمیشہ ولاگز کا سب سے بڑا پلیٹ فارم رہے گا؟ میرا ذاتی خیال ہے کہ عمران ریاض کا ولاگ بڑی حد تک خبرنامہ ولاگ ہے۔ دیگر بہت سارے ولاگر بھی یہی پیٹرن چلاتے ہیں۔ پانچ سات خبریں پکڑیں ان پر تبصرہ دیا اور چل نکلے۔ بس خبریں چننے کا طریقہ کار ہر کسی کا مختلف ہے۔ اگر عمران ریاض اپنے ولاگ میں جدت نہیں لاتے ، یا کل کو کسی نئے آنے والے اور زیادہ مقبول پلیٹ فارم سے نہیں جڑتے تو عمران ریاض شاید چند سالوں بعد کسی نئے پلیٹ فارم کسی نئے میڈیا پر اسی حیثیت میں بیٹھے ہوں گے جس حیثیت میں آج کل ٹی وی اور اخبار پر روایتی صحافی بیٹھے ہوتے ہیں۔ لیکن اگر عمران ریاض بدلتے وقت کی ضرورت کے مطابق خود کو بدلتے ہیں تو یہ اپنی پوزیشن برقرار رکھ سکتے ہیں۔
چند سال قبل تک سوشل میڈیا عوام کا پلیٹ فارم نہیں تھا۔ سمارٹ فونز کے انقلاب بلکہ انتہائی سستے سمارٹ فونز آنے سے قبل سوشل میڈیا پر پڑھے لکھے ، شہری اور آسودہ لوگ ہوا کرتے تھے۔ تب سوشل میڈیا کی رائے پاکستان کی مجموعی عوامی رائے کی عکاس نہیں تھی۔ اب چیزیں مختلف ہیں۔ اب سوشل میڈیا پر ہر طبقہ فکر پایا جاتا ہے۔ اب سوشل میڈیا کی رائے اصل عوامی رائے ہے۔ جو صحافی جو تجزیہ نگار اس سے جتنا دور ہے وہ اتنا ہی لاعلم ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کا روایتی میڈیا ذہنی طور پر اس قدر پسماندہ اور عدم بلوغت کا شکار ہے کہ پاکستان کے دس میں سے نو جید صحافی سوشل میڈیا کو جنرل فیض حمید ، آصف غفور یا پاک فوج سے جوڑتے نظر آتے ہیں۔ یہ ابھی تک اس دور کی سب سے بڑی حقیقت کو تسلیم ہی نہیں کرپائے۔ یہ جید اسی طرح آئے روز غلط فہمیوں کا شکار ہوتے رہیں گے غلط تجزیے دیتے رہیں گے اور رسواء ہوتے رہیں گے۔
نوٹ ؛ ڈاکٹر معید اور عمران ریاض پر قطعا تنقید نہیں کی گئی بلکہ ان دو مقبول لوگوں کو کیس سٹڈی بنایا گیا ہے۔