معروف معالج ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر ڈاکٹر عامر رضا نے کہا کہ ذیابیطس ایک خاموش قاتل ہے، اس سے بچاؤ کے لیے روزانہ ورزش ناگزیر ہے
معروف معالج ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر ڈاکٹر عامر رضا نے کہا کہ ذیابیطس ایک خاموش قاتل ہے، اس سے بچاؤ کے لیے روزانہ ورزش ناگزیر ہے
ہارون آباد (نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر) ڈاکٹر عامر رضا نے کہا کہ ذیابیطس (شوگر) ایک انتہائی پیچیدہ اور خطرناک بیماری ہے جو خاموشی سے انسانی جسم کے اہم اعضا کو متاثر کرتی ہے، تاہم طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی اور روزانہ کی بنیاد پر ورزش کو معمول بنا کر اس موذی مرض سے باآسانی بچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں غیر متوازن خوراک، ذہنی دباؤ اور جسمانی سرگرمیوں کے فقدان کی وجہ سے شوگر کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت احتیاط نہ کی جائے تو شوگر بینائی کی کمزوری، گردوں کے امراض، امراضِ قلب اور اعصابی کمزوری جیسی سنگین پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لیے روزانہ کم از کم 30 سے 45 منٹ تیز قدموں کی چہل قدمی یا ہلکی پھلکی ورزش کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔ اس کے علاوہ چینی، چکنائی اور فاسٹ فوڈ کے استعمال میں کمی لاتے ہوئے تازہ سبزیوں اور متوازن غذا کو ترجیح دی جائے۔
گفتگو کے آخر میں انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ 35 سال کی عمر کے بعد باقاعدگی سے اپنا شوگر ٹیسٹ کروائیں تاکہ مرض کی ابتدائی مرحلے میں ہی تشخیص ہو سکے اور بروقت علاج کے ذریعے صحت مند زندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔