اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا طارق بشیر چٹھہ کا دورہ ضلع تورغر۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف سرکاری اداروں اور عوامی فلاحی اقدامات کا جائزہ لیا۔
اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا طارق بشیر چٹھہ کا دورہ ضلع تورغر۔
اس موقع پر انہوں نے مختلف سرکاری اداروں اور عوامی فلاحی اقدامات کا جائزہ لیا۔
تورغر(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا جناب طارق بشیر چٹھہ نے آج ضلع تورغر کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر تورغر ڈاکٹر یاسر عمران نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے آغاز پر اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر جدبا میں یادگاری پودا بھی لگایا، جس کا مقصد شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کے فروغ کا پیغام دینا تھا۔ اس موقع پر ایڈیشنل اکاؤنٹنٹ جنرل سیف الاسلام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا نے ڈپٹی کمشنر تورغر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس تورغر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر علاقے کے مشران، عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ضلع تورغر میں اکاؤنٹس آفس کے قیام کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر یاسر عمران کی کاوشوں کو سراہا اور اس اقدام پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوران مقامی عمائدین کو اپنے مسائل اور تجاویز پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔بعد ازاں اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کی مستقل عمارت کی تعمیر کے لیے مختص اراضی کا دورہ کیا اور مجوزہ تعمیراتی منصوبے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا۔اسی طرح انہوں نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس تورغر کی تعمیر مکمل ہونے پر نو تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا اور عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے انتظامی امور اور دفتری سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ تورغر کے زیر اہتمام خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی گئی، جہاں مستحق خصوصی افراد میں مالی معاونت کے چیکس، سردی سے بچاؤ کے لیے گرم کمبل، وہیل چیئرز اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل اکاؤنٹنٹ جنرل سیف الاسلام نے بھی شرکت کی۔تقریب کا مقصد خصوصی افراد کو درپیش مشکلات میں کمی لانا، انہیں مالی معاونت اور ضروری سہولیات فراہم کرنا اور معاشرے کے اس اہم طبقے کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا تھا۔ڈپٹی کمشنر تورغر ڈاکٹر یاسر عمران نے ضلع میں سرکاری اداروں کے قیام، عوام کو مقامی سطح پر سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جاری کوششوں سے متعلق آگاہ کیا۔اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا طارق بشیر چٹھہ نے ضلع تورغر میں سرکاری اداروں کے قیام، عوامی سہولیات کی بہتری اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔