ایپکا ایریگیشن گڈو بیراج یونٹ ریجن سکھر کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری، ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا عزم
ایپکا ایریگیشن گڈو بیراج یونٹ ریجن سکھر کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری، ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا عزم
سکھر (بیورو رپورٹ سید نصیر حسین زیدی) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) ایریگیشن گڈو بیراج یونٹ ریجن سکھر کے نومنتخب عہدیداران کی پروقار تقریبِ حلف برداری گڈو بیراج ریجنل کمپلیکس سکھر میں منعقد ہوئی، جس میں ایپکا سندھ کے صوبائی صدر مقبول حسین مہر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے نومنتخب عہدیداران سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جبکہ مہمانوں کا سندھ کی ثقافتی روایت کے مطابق اجرک کے تحائف پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب میں ایپکا سندھ کے سینئر نائب صدر (I) عبدالوھاب کاغذی بطور مہمانِ اعزاز شریک ہوئے۔
اس موقع پر ایپکا سندھ کے صوبائی نائب صدر محمد اعظم عالمانی، آغا شعیب خان پٹھان، صوبائی انفارمیشن سیکریٹری محمد بخش کنبھر، ایپکا کے سینئر رہنما شفیق احمد شیخ، زوار خان جتوئی، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے کریم داد بگٹی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ ایپکا ضلع سکھر کے صدر محبوب علی کھوکھر، ضلعی چیئرمین محمد پناہ مہر، ضلعی جنرل سیکریٹری سید ریاض علی شاہ اور سکھر ڈویژن کے دیگر عہدیداران و رہنما بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب کے دوران نومنتخب عہدیداران محبوب علی کھوکھر صدر، رفیق احمد لاشاری چیئرمین، نور احمد نوناری جنرل سیکریٹری، میر منور ٹالپور سینئر نائب صدر، محمد سلیم راجپوت جونیئر نائب صدر، ذوالفقار علی کلوڑ ڈپٹی جنرل سیکریٹری، کامران علی مہر فنانس سیکریٹری، شاہ فہد قاضی رابطہ سیکریٹری اور عرفان علی انفارمیشن سیکریٹری نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا سندھ کے صوبائی صدر مقبول حسین مہر اور دیگر مقررین نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ ایپکا کے بانی، رہبر اور سرپرستِ اعلیٰ سید ہدایت یار بخاری کے وضع کردہ اصولوں اور تنظیم کے آئین کے مطابق سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایپکا ایریگیشن گڈو بیراج یونٹ ریجن سکھر کے ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے سندھ سیکریٹریٹ اور صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرکے مؤثر آواز بلند کی جائے گی۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران ملازمین کے حقوق کے تحفظ، تنظیمی استحکام، اتحاد و اتفاق اور جائز مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، جبکہ ایپکا کے پلیٹ فارم کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
تقریب کا اختتام مبارکباد، نیک تمناؤں اور اس عزم کے ساتھ ہوا کہ نومنتخب عہدیداران باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ملازمین کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔