سکھر: طلاق یافتہ بیٹی کے سابق شوہر اور اس کے رشتہ داروں کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف میربہر برادری کا احتجاج، تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ
سکھر: طلاق یافتہ بیٹی کے سابق شوہر اور اس کے رشتہ داروں کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف میربہر برادری کا احتجاج، تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر کے علاقے ریجنٹ سینما کے رہائشی میربہر برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے اپنی طلاق یافتہ بیٹی کے سابق شوہر اور اس کے رشتہ داروں کی مبینہ ظلم و زیادتیوں، دھمکیوں اور ناانصافیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر احتجاج میں شریک مسمات حسنہ، اربیلو میربہر، مائی رضیہ اور قادر بخش میربہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 15 سال قبل انہوں نے اپنی بیٹی صائمہ کی شادی محرم میربہر سے کی تھی، تاہم گزشتہ دو سال سے دونوں کے درمیان طلاق ہو چکی ہے۔ مظاہرین کے مطابق طلاق کے باوجود محرم میربہر، مرتضیٰ میربہر، ساون میربہر اور غلام قادر میربہر مبینہ طور پر انہیں مسلسل ہراساں اور پریشان کر رہے ہیں، جس کے باعث ان کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ افراد آئے روز ان پر جان لیوا حملے کرتے اور انہیں خوف و ہراس میں مبتلا رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں متعدد مرتبہ تھانہ سی سیکشن سکھر میں شکایات اور رپورٹس بھی درج کروائی جا چکی ہیں، لیکن ان کے بقول تاحال ملزمان کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث وہ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کے حصول کے لیے متعلقہ پولیس حکام سے بارہا رجوع کرنے کے باوجود شنوائی نہ ہونے پر وہ مجبوراً سکھر پریس کلب پہنچے ہیں تاکہ اپنی فریاد اعلیٰ حکام تک پہنچا سکیں۔مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سمیت تمام متعلقہ اعلیٰ حکام سے پُرزور مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نامزد افراد کے خلاف الزامات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ خاندان کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرتے ہوئے انصاف یقینی بنایا جائے۔