November 23, 2026

ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ؛ شرافت، وضع داری اور عوامی خدمت کا روشن حوالہ خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

IMG-20261123-WA0569

ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ؛ شرافت، وضع داری اور عوامی خدمت کا روشن حوالہ

خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

معاشرے میں بعض شخصیات اپنے خاندانی پس منظر، اعلیٰ کردار، شائستہ مزاج، عوامی خدمت اور حسنِ اخلاق کی بدولت ایک منفرد مقام حاصل کر لیتی ہیں۔ ایسی شخصیات نہ صرف اپنے خاندان بلکہ اپنے علاقے اور برادری کے لیے بھی باعثِ فخر ہوتی ہیں۔ ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ کا شمار بھی ایسی ہی باوقار، ملنسار، بردبار اور معاملہ فہم شخصیات میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں، خوش گفتاری اور عوامی روابط کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں نمایاں مقام بنایا ہے۔ ان کا نمبرداراں ایسوسی ایشن تحصیل نورپورتھل کا صدر منتخب ہونا ان کی شخصیت، صلاحیتوں اور برادری میں پائے جانے والے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ آدھی سرگل کی معروف، معزز اور باوقار زمیندار بوڑانہ فیملی کے قابلِ فخر چشم و چراغ ہیں۔ انہیں شرافت، وضع داری، روایات کی پاسداری اور سماجی خدمت کا جذبہ ورثے میں ملا ہے۔ ان کے والد محترم نمبردار ملک فیروز خان بوڑانہ کا شمار تھل کی انتہائی معزز، وضع دار اور نامور سیاسی و سماجی شخصیات میں شمار ہوتاتھا۔ وہ اپنے اعلیٰ اخلاق، خاندانی وقار، ملنساری اور لوگوں کے ساتھ خلوص و محبت کے باعث علاقے میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کی وفات کے بعد خاندان کی اس عظیم سماجی روایت اور نمبرداری کی ذمہ داری ان کے صاحبزادے ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ نے سنبھالی اور اسے احسن انداز میں آگے بڑھانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ صرف نمبردار کی حیثیت سے ہی اپنی خدمات انجام نہیں دے رہے بلکہ وہ اپنی یونین کونسل کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ اپنے دورِ ذمہ داری میں انہوں نے عوامی مسائل کی نشاندہی، مقامی آبادی کی نمائندگی اور عوامی امنگوں کی ترجمانی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ ان کی سیاسی و سماجی بصیرت اور لوگوں کے ساتھ قریبی روابط ان کی شخصیت کے نمایاں اوصاف ہیں۔ وہ نامور سیاسی و سماجی شخصیت اور سابق رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر ملک معظم شیر کلو کے بھی معتمد ساتھی ہیں، جو ان کے سیاسی و سماجی روابط اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
قانون کے شعبے میں بھی ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ بطور صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن قائدآباد ان کی گرانقدر خدمات قابلِ تحسین رہی ہیں۔ وکلا برادری کے مسائل، پیشہ ورانہ امور اور بار کے وقار و تشخص کے حوالے سے ان کا کردار ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ یہی تجربہ اور انتظامی و سماجی معاملات پر ان کی گہری نظر انہیں مختلف ذمہ داریاں نبھانے کے لیے ایک موزوں شخصیت بناتی ہے۔
ان کی شخصیت کا ایک خوبصورت پہلو یہ بھی ہے کہ وہ وسیع حلقۂ احباب رکھتے ہیں اور ہر طبقۂ فکر کے لوگوں کے ساتھ خندہ پیشانی، محبت اور احترام سے پیش آتے ہیں۔ ان کی بردباری، خوش گفتاری، معاملہ فہمی اور ملنسار طبیعت نے انہیں عوامی و سماجی حلقوں میں ایک خاص مقام عطا کیا ہے۔ وہ اختلافِ رائے کے باوجود باہمی احترام اور رواداری کو مقدم رکھتے ہیں، جو کسی بھی کامیاب سماجی رہنما کی بنیادی خوبی سمجھی جاتی ہے۔
اب نمبرداراں ایسوسی ایشن تحصیل نورپورتھل کے صدر منتخب ہونے کے بعد ان کے کاندھوں پر ایک نئی اور اہم ذمہ داری عائد ہوئی ہے۔ نمبردار کسی بھی علاقے کے انتظامی، سماجی اور عوامی معاملات میں ایک اہم حیثیت رکھتے ہیں۔ دیہی معاشرت میں نمبردار برادری کا کردار نہایت اہم ہے اور اس عہدے کے تقاضوں میں باہمی اتحاد، اجتماعی مسائل کا حل، عوامی مفادات کا تحفظ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ شامل ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ اپنے تجربے، قانونی فہم، سماجی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نمبردار برادری کو متحد و منظم کرنے اور ان کے جائز مسائل و حقوق کی ترجمانی کے لیے مثالی کردار ادا کریں گے۔
بلاشبہ کسی بھی عہدے کا اصل حسن اس سے وابستہ ذمہ داریوں کو خلوصِ نیت، دیانت داری اور احساسِ فرض کے ساتھ نبھانے میں ہے۔ ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ کی سابقہ سماجی، سیاسی اور پیشہ ورانہ خدمات ان سے وابستہ توقعات کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ ان کی کامیابی دراصل ایک ایسی شخصیت پر اعتماد کا اظہار ہے جو خاندانی روایات، سماجی اقدار اور عوامی خدمت کے جذبے کو اپنی پہچان بنائے ہوئے ہے۔
ہمیں امید ہے کہ وہ اپنے والد محترم نمبردار ملک فیروز خان بوڑانہ کی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے نمبرداراں ایسوسی ایشن تحصیل نورپورتھل کو ایک فعال، مضبوط اور مؤثر پلیٹ فارم بنانے میں کامیاب ہوں گے اور اپنی نئی ذمہ داریوں کو بھی اسی خلوص، وقار اور خوش اسلوبی سے نبھائیں گے جس کی توقع ان کی شخصیت اور سابقہ خدمات سے وابستہ ہے۔
ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ کو نمبرداراں ایسوسی ایشن تحصیل نورپورتھل کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس نئی ذمہ داری میں سرخرو فرمائے اور ان کی صلاحیتوں کو علاقے، برادری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر ثابت کرے۔ آمین۔